ضلع راولپنڈی میں 104پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ،91حساس قراردے دیئے گئے

الیکشن سیکورٹی ،ضلعی پولیس کی معاونت کے لیے 1200 پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی

اتوار 15 جولائی 2018 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) ضلع راولپنڈی میں 104پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 91حساس قرار دے دیئے گئے ۔انتہائی حساس قرار دیئے گئے مرد،خواتین اور مشترکہ پولنگ اسٹیشنز میں حلقہ این اے 57کے 24،حلقہ این اے 58کے 15،حلقہ این اے 59کے 31،حلقہ این اے 62کے 20 اور حلقہ این اے 63کے 13پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں جبکہ ضلع راولپنڈی کے ہی دیگر91پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 7اور صوبائی اسمبلی کے 15حلقوں کی حتمی پولنگ اسکیم جاری کر دی گئی ہے ۔ حتمی پولنگ اسکیم کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6200پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3200پولنگ بوتھ مرد حضرات کے لیے جبکہ 3000 پولنگ بوتھ خواتین کے ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ضلعی الیکشن کمشنر دفتر راولپنڈی سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 2576پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جہاں پر ضلع راولپنڈی کے 16,47,507 مرد رجسٹرڈ ووٹرز اور 14,78,162 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز سمیت 31,25,669 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

ضلع راولپنڈی کے حساس اور انتہائی حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں الیکشن کمیشن کے حکام نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ انتخابی ضبطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلاتفریق کارروائی کی جائے گی ۔اس ضمن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے خلاف متعلقہ حکام کی کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں اور بغیر نمونہ بینرز اور دیگر اشتہاری مواد کو تارنے کاکام بھی جاری ہے ۔

اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز ٹرن آئوٹ میں اضافے کے لیے خصوصی آگاہی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے ۔دریں اثناء راولپنڈی پولیس نے الیکشن 2018کے دوران فول پروف سیکورٹی پلان بھی تشکیل دے دیا ہے ۔سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن کے مطابق ضلعی پولیس 25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔

سی پی او نے مزید بتایاکہ انتخابات کے موقع پر ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی کے قانون پر مکمل عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ 25جولائی کو انتخابات کے موقع پر جامع سیکورٹی پلان کے لیے ضلع کو سیکٹر اور سب سیکٹر میں تقسیم کر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو اے ،بی اور سی کیٹیگری دی گئی ہے اور اسی حساب سے ان پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔عباس احسن نے مزید بتایاکہ سیکورٹی انتظامات کے لیے مقامی پولیس کی معاونت کے لیے 1200 پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں