چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مصر کے وزیر دفاع و عسکری پیداوار اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی، مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ محمد فرید سے ملاقاتیں

باہمی دلچسپی کے امور، عسکری سطح پر تعلقات، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال، مشترکہ منصوبوں، دفاعی پیداوار، تربیت اور انٹیلی جنس سمیت کئی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق پاک فوج کے سربراہ نے الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی، آئی ایس پی آر

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصر کے وزیر دفاع و عسکری پیداوار اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ محمد فرید سے ملاقاتیں کی ہیں، جو مصر کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، عسکری سطح پر تعلقات ، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

مصری قیادت نے انسداد دہشت گردی میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاکستانی قوم کے عزم کو سراہا ہے۔ دونوں اطراف نے مشترکہ منصوبوں، دفاعی پیداوار، تربیت اور انٹیلی جنس سمیت کئی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

علاقائی امن و سلامتی کے لئے تعاون بہتر بنانے پر بھی اتفاق پایا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے الازہرکے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔

امام اعظم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان بھر کے تمام مکاتب فکر کے مذہبی سکالرز کی طرف سے انتہا پسندی سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں ’’پیغام پاکستان‘‘ فتویٰ کے اجراء کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ایک اعتدال پسند مذہب ہے اور مکمل ضابطہ حیات ہے جسے عالمی برادری میں دہشت گردی، انتہاپسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ آرمی چیف نے مسلم نوجوانوں کو روشن خیالی، تکنیکی ترقی، اعتدال پسندی اور ہم آہنگی کی طرف راغب کرنے پر زور دیا۔ قبل ازیں آمد پر مصری فوج کے چاق و چوبند دستے نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید کو وزارت دفاع میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں