کار چوروں کی پولیس پر فائرنگ ،پولیس کانسٹیبل اور ملزم زخمی

اتوار 23 جون 2019 20:25

راولپنڈی 23جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) کار چوری کر کے لے جانے والے بین الصوبائی گینگ کے ملزمان نے پولیس کے روکنے پر فائرنگ کر دی،تیز رفتاری کے باعث ملزمان کی گاڑیاں کھمبے سے ٹکرا گئیں،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل اور ایک ملزم زخمی ہو گیا ،ملزمان کے خلاف تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کا مقدمہ درج۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ سے مسلح ملزمان نے ایک کارچوری کی اور ٹیکسلا کی جانب فرار ہو گئے وائیرلیس پر اطلاع ملنے کے بعد ٹیکسلا پولیس نے ایچ ایم سی روڈ پر ناکہ لگایا رات گئے دو مشکوک کاریں اس ناکہ سے گزریں جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے ناکہ توڑا اور ہری پور کی جانب فرار ہوئے پولیس نے تعاقب کیا ،ملزمان کی کارتیز رفتاری کی وجہ سے کھمبے سے ٹکرا گئی جس میں سوار ملزمان نے نکلتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی ،ملزمان کی گولیاں لگنے سے پولیس کانسٹیبل فہیم منظور اور ان کا اپنا ساتھی زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا جس کا نام نجیب اللہ سکنہ ضلع پشاور جبکہ پولیس کانسٹیبل اور اپنے ساتھی کو زخمی کر کے فرار ہونے والوں کے نام زاہد شاہ سکنہ ضلع مردان اور سرفراز سکنہ مردان معلوم ہوئے،زخمی کانسٹیبل فہیم منظوراور زخمی ملزم نجیب اللہ کو پولیس کی نگرانی میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا،تھانہ ٹیکسلا میں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین دفعات کا مقدمہ درج کر لیاگیا،سی پی او راولپنڈی ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے بتایا کہ کار چوروں کا یہ بین الصوبائی گینگ نہ صرف کار چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے بلکہ ڈکیتی اور ڈکیتی کے دوران قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے یہ ملزمان راولپنڈی اور اٹک سمیت دیگر اضلاع کی پولیس کو بھی مطلوب ہیں،انہوں نے کہا کہ مفرور خطرناک ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جدیدٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے اگلی72گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کریں گی ،سی پی او راولپنڈی نے مزید کہا کہ ان ملزمان کی گرفتاری سے راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع میں کار چوری اور ڈکیتی ،ڈکیتی قتل کی وارداتیں ٹریس ہوں گی اور انشاء اللہ ان جرائم میں کمی واقع ہو گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں