پاک فوج کی من گھڑت الزامات میں یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کی بھرپورمذمت

جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جاسکتا، ہم کے حق خودارادیت کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 25 مئی 2022 20:17

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی 2022ء) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان من گھڑت الزامات میں یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کی بھرپور مذمت کرتا ہے، جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جاسکتا، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان من گھڑت الزامات میں یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ایسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جا سکتا، کشمیریوں کی جدوجہد بھارت کے غیر قانونی محاصرے کیخلاف ہے، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اسی طرح وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بھارتی جمہوریت اور نظام انصاف کیلئے سیاہ دن ہے، بھارت یاسین ملک کو قید کر سکتا ہے مگر آزادی کا خواب پابند سلاسل نہیں کیا جاسکتا، حریت رہنما کو دی گئی سزا آزادی کی جدوجہد میں نئی روح پھونکے گی، کشمیریوں کا حق خودارادیت کوئی نہیں چھین سکتا۔

(جاری ہے)

یاد رہے بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، یاسین ملک کو 2 بار عمر قید اور 5 بار10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک نے نئی دہلی کی ایک عدالت میں ایک جھوٹے مقدمے میں سزا سنائے جانے سے قبل کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیر میں گاندھیائی اصولوں اور عدم تشدد کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یاسین ملک نے یہ بات دہلی میں بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت میں ایک جھوٹے مقدمے میں سزا سنائے جانے سے چند گھنٹے قبل کہی۔ یاسین ملک کو سزا سنائے جانے کے پیش نظر آج دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں