پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں سے مختلف خطرات کاسامنا رہا ، قوم کو ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جی ایچ کیو کا دورہ کرنے والے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو

منگل 20 نومبر 2018 00:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں سے مختلف خطرات کاسامنا رہا جبکہ قوم کو ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال، چیلنجز پر بریفنگ کے بعد شرکاء نے آرمی چیف سے بھی بات چیت کی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں سے مختلف خطرات کاسامنا رہا لیکن پاکستانی قوم اور فورسز نے بڑی بہادری اور کامیابی سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ان خطرات کو مؤثر انداز سے شکست دی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے، قوم کو ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی قوم بالخصوص نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ دشمن کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے سے نبرد آزما ہو سکیں، اس معاملہ پر مشترکہ اور جامع قومی جواب کی ضرورت ہے۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی ایک سالانہ تقریب ہے جس میں معاشرہ کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں