صادق آباد،الیکشن میں دھاندلیوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی ،تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کی شرکت،مبینہ دھاندلی کیخلاف نعرے بازی

بدھ 15 مئی 2013 20:25

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15مئی۔2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت داؤد کی قیادت میں ارتضیٰ ہاؤس سے گیارہ مئی کے صادق آباد الیکشن میں مبینہ دھاندلیوں کیخلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ‘جس میں تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکن بھی شامل تھے جنہوں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور دھاندلی کیخلاف مسلسل نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی ریلی ارتضیٰ ہاؤس سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی علامہ اقبال روڈ‘ کچہری روڈ‘ جناح ٹاؤن روڈ سے ہوتی ہوئی جب ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کے قریب پہنچی تو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ریلی کو آگے جانے سے روک دیا ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کو جانیوالے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تاہم مشتعل مظاہرین تمام رکاوٹیں توڑ کر ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کے باہر پہنچ گئے جہاں پر پاک آرمی اور پولیس کے جوانوں نے ریلی کے شرکاء کو روک دیا تاہم تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری شوکت داؤد اپنے وکیل عبدالمجید رحمانی کے ہمراہ ریٹرنگ آفیسر کے پاس گئے جہاں پر انھوں نے حلقہ پی پی 296میں الیکشن کے دوران دھاندلی کے الزام عائد کئے اور ری کونٹنگ کروانے کی درخواست بھی دی جس پر ریٹرنگ آفیسر نے قانون کے مطابق کاروائی کرنیکا یقین دلایا قبل ازیں ارتضیٰ ہاؤس میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شوکت داؤد نے الزام لگایا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے عوام نے بڑی تعداد میں تحریک انصاف کو ووٹ دئیے ہیں مگر ٹیکنیکل دھاندلی کرکے تحریک انصاف کے امیدواروں کو ناکام ظاہر کیاجارہا ہے انھوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ملک میں تبدیلی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی اور دھاندلی زدہ الیکشن کو قبول نہیں کیاجائیگا صادق آباد کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں میں رات دس بجے تک ووٹ ڈالے جاتے رہے ہیں اور سوفیصد ووٹ بھی کاسٹ کئے گئے ہیں جو بہت بڑی دھاندلی ہے انھوں نے توقع ظاہر کی کہ عدلیہ سے انہیں انصاف ملے گا ورنہ تحریک انصاف عوام کی قوت سے نتائج کو چیلنج کرے گی اور پھر فیصلہ عوام کی عدالت میں ہو گا۔

صادق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں