کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کو فائرنگ کرنے کا اختیار کس نے دیا ؟

سی ٹی ڈی کی کارروائی اور اندھا دھند فائرنگ کرنے کے اختیارات پر سوالیہ نشان!

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 20 جنوری 2019 17:45

کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کو فائرنگ کرنے کا اختیار کس نے دیا ؟
ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2019ء) : ساہیوال میں گذشتہ روز سی ٹی ڈی کی جانب سے کی جانے والی اندوہناک کارروائی نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر سی ٹی ڈی اب تک تین بیانات جاری کرچکی ہیں جبکہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی پریس کانفرنس میں سی ٹی ڈی کی ہی پریس ریلیز پڑھ کر سنا دی ۔ سی ٹی ڈی نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر اپنے وضاحتی بیان سانحہ ساہیوال میں ہلاک ہونے والے خلیل کی بے گناہی تسلیم کر لی جبکہ ذیشان کو دہشتگرد قرار دے دیا۔

سی ٹی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ ذیشان اس گاڑی میں موجود واحد دہشتگرد تھا۔ گاڑی کالعدم تنظیم داعش کے زیر استعمال رہی۔ ترجمان نے کہا کہ تھریٹ الرٹ موصول ہوا کہ 20 تاریخ کو دہشتگرد حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تھریٹ الرٹ کے بعد سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ ذیشان کی گاڑی کے شیشے کالے تھے لہٰذا پیچھے بیٹھے ہوئے افراد نظر نہیں آرہے تھے۔

واقعہ میں خلیل ، اس کی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت انتہائی بد قسمتی تھی۔ ذیشان کا ٹاسک جنوبی پنجاب تک بارودی مواد پہنچانا تھا۔ ذیشان نے جان کر خلیل کے خاندان کو لفٹ دی۔ خلیل کے خاندان کو ذیشان کے عزائم ، گاڑی کے دہشتگردوں کے زیر استعمال رہنے کا علم نہیں تھا۔ اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر گاڑی کے شیشیے کالے تھے تو سی ٹی ڈی نے گاڑی کو روکا کیوں نہیں ؟ اور بالفرض اگر ذیشان نے گاڑی نہیں بھی روکی تو سی ٹی ڈی نے کار سوار افراد کو فائر کھولنے سے پہلے گاڑی کے ٹائرپر گولی مار کر گاڑی روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی؟ اور سب سے بڑھ کر اگر گاڑی میں دہشتگرد بھی سوار تھے تو گاڑی کو گھیرا ڈال کر انہیں حراست میں کیوں نہیں لیا گیا؟ سی ٹی ڈی کا یہ بیان کہ گاڑی کے شیشے کالے ہونے کی وجہ سےپیچھے بیٹھے افراد نظر نہیں آسکے، انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے جسے سُن کر ہر شہری کا خون کھول گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کو آخر فائرنگ کرنے اور کسی کو بھی جان سے مارنے کا اختیار کس نے دیا ؟ ان اختیارات کے غلط استعمال کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ یہ وہ تمام سوالات ہیں جن کے جوابات کسی کے پاس نہیں ہیں۔ یہ وہ سوالات ہیں جو سوشل میڈیا پر اُٹھائے جا رہے ہیں۔ سی ٹی ڈی کی اس کارروائی کو مشکوک قرار دیا جا رہا ہے تاہم کارروائی سے متعلق حقائق جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکیں گے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں