زمیندار ٹڈی دل کی موجودگی سے فوری مطلع کریں، ڈی سی ساہیوال

جمعرات 4 جون 2020 17:35

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ ٹڈی دل زراعت کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے جس کا خاتمہ مشترکہ کاوشوں کے بغیر ممکن نہیں۔زمیندار بھائی آگے آئیں اور زرعی معیشت کیلئے اس بڑے خطرے کا مقابلہ کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔زمیندار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی سے فوری مطلع کریں۔افرادی قوت فراہم کریں اور ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کارروائیوں میں حصہ لیں۔

انہو ں نے یہ بات چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 37/12-Lمیں میاں محمد ابراہیم کے ڈیرے پر موک ایکسر سائز کے موقع پر کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر اے ڈی سی فنانس فاروق صادق‘اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف‘ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن اورمقامی زمیندار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

موک ایکسر سائز میں محکمہ زراعت کے عملے‘مقامی کسانوں اور پاک فوج کے جوانوں نے حصہ لیا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مربوط کارروائیوں کی پریکٹس کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ساہیوال اس خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور محکمہ زراعت کو تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے اور ملک کی 80فیصد آبادی کا انحصار شعبہ زراعت کی آمدنی سے ہے جسے کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کا خطرہ بہت بڑا ہے جسے باہمی تعاون اور مشترکہ وسائل کے استعمال کے بغیر دور نہیں کیا جا سکتا۔

انہو ں نے حالیہ مہینوں میں ٹڈی دل کے خاتمے میں کامیابیوں کا کریڈٹ انہیں مشترکہ کارروائیوں کو قرار دیا اور کہا کہ مقامی کسانوں کے تعاون سے ہی ضلعی انتظامیہ نے فصلوں کو بڑے نقصان سے بچایا ۔انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ٹڈی دل کے خطرے کے فوری خاتمے میں اپنا بھر پور کردار اداکرے گی اور فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔تقریب میں مقامی زمیندار نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں