فضل الرحمن،مر یم نواز اور بلاول بھٹو 27جنوری کو ساہیوال ریلی کی قیادت کریں گے

جمعرات 7 جنوری 2021 23:44

سا ہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام ہونیوالے فیصلے کے تحت 27جنوری کو ساہیوال میں حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جائیگی جس میں مریم نواز ‘مولانا فضل الرحمن اور پیپلزپارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت بھی شریک ہوگی۔

احتجاجی ریلی کے بعد قائدین خطاب کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ احتجاجی ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے مسلم لیگ ن ساہیوال ڈویژن نے انتظامات کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ریلی میں ساہیوال ڈویژن کے تمام شہروں سے کارکنوں کے قافلے بھرپورشرکت کریںگے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے ملک کابیڑا غرق کردیا ہے۔ کرپشن کو ختم کرنے کا نعرہ لگانے والی حکومت نے کرپشن پہلے سے زیادہ کردی ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی اوربیروزگاری آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ 35روپے کلو ملنے والاآٹا 70روپے اور 50روپے ملنے والی چینی100روپے میں مل رہی ہے ۔اسی طرح دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی تمام اشیاء عام وغریب آدمی کی پہنچ سے باہرہوگئی ہیں اور غریب بھوکا مررہاہے اور لوگ تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ا س حکومت کو فارغ کیاجائے‘ پی ڈی ایم کی تحریک موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں