ملک اسلم نوید اور ان کے ساتھیوں کی درخواست ضمانت کی سماعت کل اینٹی کرپشن عدالت سرگودھا میں ہو گی

بدھ 2 دسمبر 2020 13:31

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) سرگودھا شہر کی ہاؤسنگ سکیم کے غبن کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن سٹی کے سنئیر نائب صدر ملک اسلم نوید اور ان کے ساتھیوں کی درخواست ضمانت کی سماعت آج 3 دسمبر کو اینٹی کرپشن عدالت سرگودھا کرے گی۔ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے شہر کی ہاؤسنگ سکیم خیابان نوید میں سرکاری اراضی کھالہ جات کو شامل کر کے بغیر نقشہ و منظوری غیر قانونی طور پر کالونی بنا کر پلاٹ فروخت کے زریعے سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچایا جس کے الزام میں تھانہ اینٹی کرپشن نے زیر دفعہ 409/477A/5.2.47 ت پ مقدمہ درج کیا جس میں ملوث مسلم لیگ ن کے سٹی سنئیر نائب صدر سابق مئیر ملک اسلم نوید اور ان کے ساتھی ملازم اختر عباس،سرکاری محکمہ جات کے ملازمین نثار احمد وڑائچ,دلبر حسن،علی عمران کوگرفتار ہو کر جیل بند ہیں۔

(جاری ہے)

زرائع نے بتایا کہ مقامی ہاوسنگ سکیم کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے سٹی سنئیر نائب صدر و سابق مئیر سرگودھا ملک اسلم نوید مسلم لیگ ن کے سربراہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں جہنوں نے سرگودھا سے میاں محمد نواز شریف کو ممبر قومی اسمبلی منتخب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور قائد کی بیٹی مریم نواز کو جلسہ عام میں ہیروں سے جڑا خالص سونے کا تاج پہنا کر شہرت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن مئیر شپ بھی حاصل کی تھی۔

محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا میں درج مقدمہ میں بتایا گیا کہ ملک اسلم نوید نے چھ سات سال قبل خیابان نوید کے نام سے پرائیوٹ ہاوسنگ سکیم بنائی جس کے نقشہ کی منظوری اور رجسٹریشن تاحال نہ ہوئی ہے اور ملزمان پلاٹ فروخت کرتے رہے ہیں جو کرپشن اور غبن کے زمرے میں آتا ہے۔جس پر درج مقدمہ میں محکمہ اینٹی کرپشن نے 9نومبر کو ملوث ملک اسلم نوید اور دیگر ساتھی ملزمان کو گرفتار کر کے چار مرتبہ دو دو روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کیا تھا جس پر عدالت نے ملزمان کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بجھوایا۔

جنہیں 26 نومبر کو عدالت پیش کیا گیا تو ان کے وکیل ظہور ندیم نے درخواست ضمانت دائر کی جس پر27 نومبر کو مختصرسماعت کے بعد مزید سماعت 3دسمبر کو ملتوی کی تھی۔جس پر آج سماعت ہو گی اور تھانہ اینٹی کرپشن مکمل چالان پیش کرئے گا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں