qشانگلہ میں گاڑی پر حملہ، 5 چینی باشندوں سمیت 6افراد ہلاک

ّمسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی‘ ڈی آئی جی مالاکنڈ نے واقعے کی تصدیق کردی

منگل 26 مارچ 2024 19:55

|شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ شانگلہ میں گاڑی پر حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے ، مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی، ڈی آئی جی مالاکنڈ نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں بشام کے مقام پر ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جہاں سامنے سے آنے والی موٹر کار چینی باشندوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی، موٹر کار ٹکرانے کے بعد دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہوئے جبکہ ایک مقامی ڈرائیور بھی ہلاک ہوا ہے ۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی نے بتایا کہ چینی انجینئرز کا ایک قافلہ اسلام آباد سے داسو میں اپنے کیمپ کی طرف جا رہتا تھا کہ اس دوران ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ان کے قافلے سے ٹکرا دی، خود کش حملے میں 5 چینی باشندے ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چینی باشندوں کی گاڑی بشام سے نکلی تھی کہ راستے میں دوپہر کو تقریباً ڈیڑھ بجے کے قریب یہ حملہ ہوا، حملے میں چینی مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جسے دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے حوالے سے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ابھی فوری طور پر اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا کہ یہ دھماکہ خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے بارودی مواد کا استعمال کرتے ہوئے گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ چینی انجینئرز کے ساتھ دہشت گردی کا واقعہ پیش آنے کے بعد علاقے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا جس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔

ریسکیو 1122 بشام کے اسٹیشن ہیڈ شیراز خان نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد بس کھائی میں گر گئی اور اس میں آگ لگ گئی، تاہم ان کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے اور اب لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔اسٹیشن ہاؤس افسر بشام بخت ظاہر نے بتایا کہ یہ ایک خودکش دھماکا تھا اور وہ شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور جائے وقوع پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔خیبرپختونخوا پولیس جائے و قوع پر پہنچ چکی ہے اور ریلیف آپریشن شروع کردیا۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں