سیالکوٹ ، پاکستان میں جی ایس پی پلس کی بحالی کے لئے یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان مذاکرات

مارچ2019میں ہونگے، جین فرانکوس پاکستان کو انسانی حقوق، سیاسی و سماجی حقوق، اظہار رائے کا حق اور تشدد کے خلاف عالمی کنونشن کی مکمل پاسداری کے لئے اقدامات کویقینی بنانا ہو گا، یورپی یونین کے سفیر کا خطاب

پیر 15 اکتوبر 2018 21:22

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) اسلام آباد میں تعینات یورپی یونین کے سفیر مسٹر جین فرانکوس نے کہا ہے کہ کہ2012سی2017تک جی ایس پی پلس کے ذریعے پاکستان نے یورپین یونین کی مارکیٹوں میں بھرپور کاروبار فوائد حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جی ایس پی پلس کی بحالی کے لئے یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان مذاکرات مارچ2019میں ہونگے کیونکہ2017 میں پاکستان کی پچھلی حکومت نے انتخابات قریب ہونے کی وجہ سے اس سلسلہ میں بات کرنے سے انکار کیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت میں مقامی درآمدکنندگان اور برآمدکنندگان سے دوران خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ایوان صنعت و تجارت خواجہ مسعود اختر نائب صدور عامر حمید بھٹی اور وقاص اکرم ، صدر پاکستان سپورٹس گڈز ایسو سی ایشن چوہدری محمد ارشدکے علاوہ چیمبر ممبران بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو انسانی حقوق، سیاسی و سماجی حقوق، اظہار رائے کا حق اور تشدد کے خلاف عالمی کنونشن کی مکمل پاسداری کے لئے اقدامات کویقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے مقامی کاروباری برادری پر زور دیا وہ عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں تاکہ بین الاقوامی وفود یہاں آنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور کاروبار سے متعلق سرگرمیاں دو طرفہ تجارت کا اہم جزوہیں لہٰذا اسے فروغ دینے میں دونوں جانب کے کاروباری افراد کے وفود کا تبادلہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ قبل ازیں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ یورپین یونین کے سفیر نے بعدازاں مختلف صنعتی یونٹس کا دورہ بھی کیا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں