آزاد کشمیر میں شرح تعلیم میں خاطر خواہ اضافے کے بعد حکومت معیار تعلیم کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،سردار مسعود خان

بے روزگاری کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے طلبہ کو ایسی تعلیم دینا چاہتے ہیں جس کی جاب مارکیٹ میں طلب ہے،صدر آزاد کشمیر طلبہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کے پُرامن ملک ہونے کے تاثر کو اُجاگر کریں ، طلبہ سے خطاب

منگل 12 فروری 2019 17:43

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بے روزگاری کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے طلبہ کو ایسی تعلیم دینا چاہتے ہیں جس کی جاب مارکیٹ میں طلب ہے اور جو ہماری قومی ضروریات سے ہم آہنگ ہے۔ یہ بات انہوں نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز و ٹیکنالوجی کی انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شرح تعلیم میں خاطر خواہ اضافے کے بعد حکومت معیار تعلیم کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سرکاری شعبے میں قائم جامعات غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے روابط بڑھا کر بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں کیونکہ یہ ادارہ انجینئرنگ کی معیاری تعلیم میں سب سے آگے اور قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اپنی سرکاری جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسزکے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ تبادلہ کے پروگرام سمیت دیگر تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے مشترکہ طور پر فروغ کی خواہشمند ہے تاکہ ہمارے طلبہ اور اساتذہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز کے تجربات سے مستفید ہوسکیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ انہیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ پاکستان میں تعلیمی دنیا کا سرخیل غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسزنے ضیائی تعلیم ، کلائوڈ کمپیوٹنگ ، بائیو مکینکس نینو ٹیکنالوجی ، بلاک چین ، سپلائی چین منیجمنٹ اور موسمی تغیرات جیسے جدید شعبوں میں تعلیم و ریسرچ کو شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسزکو حقیقی معنوں میں قومی دانش گاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارہ میں پاکستان کے ہر خطہ کی نمائندگی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم تعلیم پر کتنی سرمایہ کاری کرتے ہیں کیونکہ تعلیم ہی ایک ترقی یافتہ ملک کو ترقی پذیر ملک سے ممتازکرتی ہے ۔ ملک کی جامعات اور صنعتی شعبے کے درمیان قریبی روابط کار پر زور دیتے ہوئے صدر آذاد کشمیر نے کہا کہ اس طرح کے روابط صنعتی شعبے میں موجود رجحانات اور تعلیم میں ہم آہنگی پیدا کرنے میںمدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔

اس موقع پر طلبہ سے براہ راست مخاطب ہو کر صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آپ طلبہ ہی اس ملک کا مستقبل ہیں اور آپ نے ہی ملک کی تقدیر کو سنوارنا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اند ر اعلیٰ درجے کی صلاحیت پیدا کریں تاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں پر لے جائیں ۔ انہوں نے طلبہ پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کے پُرامن ملک ہونے کے تاثر کو اُجاگر کریں اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ڈیجیٹل دنیا میں بے نقاب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ خطہ جموں و کشمیر کے عوام گذشتہ 71سال سے مظالم سہہ رہے ہیں اور بھارتی غلامی میں اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ ہم جو آزادی کی فضا میں رہ رہے ہیں ہمار ا فرض ہے کہ ہم جدید ابلاغی ذرائع کو استعمال کر کے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں۔قبل ازیں تقریب میں آمد پر سوسائٹی فار پروموشن آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر شمس الملک ، ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی ، یونیورسٹی کے ریکٹر جہانگیر بشیر اور انتظامیہ کے سینئر حکام نے صدر آزاد کشمیر کا استقبال کیا۔صدر سردارمسعود خان نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔#

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں