75یوم کے دوران پی ٹی آئی نے مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کر کے غریب لوگوں کا کچومر نکال دیا،امیر مقام

موجودہ حکومت ملک کی تاریخ میں ایک ناکام ترین حکومت ہے جو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بُری طرح ناکام ہو رہی ہے،سابق وفاقی وزیر

منگل 13 نومبر 2018 18:06

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے عوامی مینڈیٹ ، انصاف اور تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والی پی ٹی آئی کی حکومت کو ناکام ترین حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 75یوم کے دوران پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے ملک کے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کر کے غریب لوگوں کا کچومر نکال دیا ۔

اور یہ ملک کی تاریخ میں ایک ناکام ترین حکومت ہے جو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بُری طرح ناکام ہو رہی ہے دورہ صوابی کے مختصر دورے کے دوران پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کر تے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت عملی کارکر دگی دکھانے کی بجائے مخالفین کو نشانہ بنا کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں عوام کے دلوں کی دھڑکن اور ہر دلعزیز رہنما و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی بے گناہی بہت جلد سامنے آجائے گی اور وہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے پاکستانی عوام کے سامنے سرخرو ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحریک انصاف کی خاتون رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید کی اسرائیل دوستی کے حوالے سے موقف پورے عالم اسلام اور خصوصاً پاکستان کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کے حوالے سے جو باتیں کی تھی وہ آج سچ اور درست ثابت ہو رہے ہیں بد ترین مہنگائی اور بد امنی نے غریب لوگوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ سرکار تبدیلی سے پاکستان کے عوام بد ظن ہو چکے ہیں ملک کے عوام ایک بار پھر میاں نواز شریف کی راہ دیکھ رہے ہیں ۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں