حیسکو ٹنڈو آدم کے افسران اور عملے کی مبینہ ملی بھگت شہریوں کی بڑی تعداد کے میٹر ڈی فیکٹو قرار دے دیئے گئے

بدھ 7 جنوری 2015 13:39

ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) حیسکو ٹنڈو آدم کے افسران اور عملے کی مبینہ ملی بھگت سے شہریوں کی بڑی تعداد کے میٹر ڈی فیکٹو قرار دے دیئے گئے جس کی وجہ سے صارفین کے اوور ریڈنگ کی مد میں لاکھوں یونٹوں کے خردبرد ہونے کا خدشہ ہے جس سے حیسکو صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور حیسکو افسران‘ میٹر سپروائز ومیٹر ریڈروں کے خلاف محکمہ جاتی درخواستوں میں کارروائی کرنے کی صارفین کی استدعا پر اثر پڑ سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے رہنما عبدالعزیز غوری‘ سابق یوسی ناظمین مشتاق احمد عادل‘ مسرور احسن غوی‘ مقامی امیر ابو اسرار انصاری نے حیسکو کی جانب سے صارفین کے خلاف کارروائیوں پر اپنے کارکنوں اور شہریوں کے اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کو کوئی روکنے والا نہیں ہے سارا نزلہ بل جمع کروانے پر گرتا ہے حیسکو کے عملے کے خلاف درخواستوں پر کارروائی نہ ہونا وفاقی حکومت اور وزراء کے بیانات کی نفی ہے‘ حیسکو افسران نے غیر قانونی لوڈشیڈنگ‘ مین سپلائی کے جانے‘ تاروں کے گر جانے اور دیگر بہانوں سے بجلی بند کرنے کا طریقہ اپنایا ہوا ہے‘ حیسکو چیف کی کھلی کچہری کا بھی کوئی فائدہ نہں‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت حیسکو اور خصوصاً ٹنڈو آدم کے عملے کے خلاف کارروائی کریں اور صارفین کو ناجائز بلوں سے نجات دلائیں۔

ٹنڈو آدم میں شائع ہونے والی مزید خبریں