کرپشن و ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے سندھ کے عوام 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگائیں،سراج الحق

ہفتہ 27 جنوری 2024 22:39

کرپشن و ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے سندھ کے عوام 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگائیں،سراج الحق
ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہیکہ سندھ کا دوسرا نام کرپشن و بدامنی ہے۔کرپشن و ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے سندھ کے عوام 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگائیں۔15 سال سے پیپلزپارٹی کا اقتدار ہے مگر صوبہ سندھ ترقی کی بجائے محرومیوں اور ڈاکو راج کا مرکز بنا ہوا ہے عوام 8فروری کے دن کو کرپٹ حکمرانوں ظالم جاگیردار و سرمایہ داروں کے لیے یوم حساب بنادیں۔

پیپلز پارٹی ن لیگ کو ووٹ دینے کا مطلب آئی ایم ایف ورلڈ بنک کو ووٹ دینا ہے۔40 سال سے باریاں لینے والی پیپلزپارٹی ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف ہوائی فائرنگ کرکے ٹوپی ڈرامامہ کرتے ہیں یہ دراصل اندر سے ایک ہیں۔دونوں کا مقصد ملکی دولت کی لوٹ مار اور مزید ٹیکسز لگاکر غریب عوام کا خون نچوڑنا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیہ کے سابق چیئرمین عبدالستار اور عبدالعزیز غوری اس شہر کی پہچان تھے۔

جنہوں نے اس شہر کی تعمیر وترقی کی اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ادارے قائم کئے۔ اس لیے عوام شہر کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے کے لیے خدمت امانت و دیانت کا نشان ترازو کو کامیاب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ چوک ٹنڈوآدم میں بہت بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔امیر ضلع عبدالغفور انصاری ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران کامران عزیز غوری مشتاق احمد عادل نے بھی خطاب کیاجبکہ مرکزی نائب امرائ اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر صوبہ محمد حسین محنتی ، نائب قیم حافظ طاہر مجید ،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری فیصل غفوراور مقامی امیر عبدالستار انصاری بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

قبل ازیں امیر جماعت سراج الحق کا ٹنڈوآدم شہر میں داخل ہونے پر زبردست استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاور اورگاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے جلوس میں بلدیہ چوک جلسہ گاہ پر لایا گیا جلسے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں الگ پنڈال میں موجود تھیں۔ سراج الحق نے مزید کہاکہ ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ سیلاب میں زرداری اور بلاول صاحب کہاں تھی سیلاب میں پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑدیا تھا جماعت اسلامی اور الخدمت نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی ان مظلوموں کی خدمت کی اور یہ خدمت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے 28 جنوری کو منشور پیش کرنے کا اعلان کیا ہے وہ منشور نہیں بلکہ جھوٹ کا پلندہ پیش کریں گے کیونکہ جو تین بار وزیراعظم رہ کر کچھ نہیں کرسکے چوتھی بار بن بھی گئے تو وہ کون سا تیر ماریں گے۔جماعت اسلامی نے سب سے پہلے قوم کے سامنے اپنا منشور پیش کیا ہے۔ یمارے پاس مخلص قیادت اور مسائل کے حل کے لیے ویڑن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 110 دن سے فلسطین میں بمباری جاری ہے،تیس ہزار لوگ شہید ہوگئے۔

فلسطین جل رہا ہے مگر ہماری بزدل قیادت خاموش تماشائی بنی بیٹھے ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فلسطینیوں کے حق میں ایک جلوس بھی نہیں نکالا جوکہ ان کی بے حسی کا واضح ثبوت ہے۔سراج الحق کا کہنا تھاکہ وہ اقتدار میں آکر امریکہ میں قید قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو آزاد کرائیں گے۔ حکومت اگر کچھ کرتی تو ڈاکٹر عافیہ آج قید نہ ہوتی یہ بزدل حکمران امریکہ سے ڈرتے ہیں۔ ملک میں خلافت کا نظام دوبارہ لانا چاہتے ہیں جس میں ایک عام آدمی بھی وقت کے حکمران کا احتساب کرسکے۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کی تمام 2 قومی اور پانچ صوبائی نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔

ٹنڈو آدم میں شائع ہونے والی مزید خبریں