نوجوانوں میں نشے کا استعمال و رجحان تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے،انجینئر ملک شاہ زین

پیر 18 مارچ 2024 17:10

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صوبائی رہنما انجینئر ملک شاہ زین نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں نشے کا استعمال و رجحان تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ نشے کا استعمال جرائم میں اضافے کے ساتھ ملک اور نوجوانوں کا مستقبل بھی تباہ کرنے کا سبب بن رہا ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انجینئر ملک شاہ زین نے کہا کہ ہیروئین، چرس، آئس، گٹکا، ماوا اور دیگر نشہ آور اشیا باآسانی ہر جگہ دستیاب ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل بڑی تعداد میں منشیات کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

وہ اپنی نشہ کی لت کو پورا کرنے کے لیے چوری و ڈکیتی کے ساتھ گھروں میں گھس کر لوٹ مار بھی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے جرائم اور وارداتوں کی شرح روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

منشیات کے پھیلا کو روکنا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے تاکہ ہماری آنے والی نسل کو اس لت میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں نشے میں مبتلا افراد کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے۔

نشے میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کے لیے شہر سے باہر ''منشیات سے بحالی کے کیمپ'' بنا کر انہیں شہر سے باہر منتقل کیا جائے جہاں انہیں اچھا اور کارآمد شہری بننے کی تربیت دی جائے تاکہ شہروں میں لوگ سکون اور تحفظ کے احساس کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ مزید انجنیئر ملک شاہ زین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشی کے خلاف موثر آپریشن کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کا مستقبل تاریخ ہونے سے بچایا جاسکے۔

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں