فواد چوہدری نے بنیادی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے متفق ہونے کی اپیل کردی

ایکسٹینشن کا اختتام کیا جائے، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی جانی چاہیئے، سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری پارلیمنٹ کرے، وزیراعظم دو ٹرم یا 10 سال کیلئے منتخب ہو۔ سابق وفاقی وزیر نے 7 تجاویز پیش کردیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 14:26

فواد چوہدری نے بنیادی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے متفق ہونے کی اپیل کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چند بنیادی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے متفق ہونے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ چند بنیادی اصلاحات پر متفق ہوں، جن میں پہلا نقطہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کام کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے اس لیے اس کی تشکیل نو کی جانی چاہیئے، سی ای سی پی کو ایک رسمی دفتر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، ای سی پی کے ہر ممبر سنیارٹی کے لحاظ سے ایک سال کے لیے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں، ادارے کو انفرادی شخصیات پر فوقیت دیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری پارلیمنٹ کرے لیکن برطرفی صرف ساتھی ججز کے ذریعے ہو، فیصلوں کے سالانہ جائزے کے لیے ایک کنڈکٹ کمیشن تشکیل دیا جائے اور اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی نامزدگی کنڈکٹ کمیشن کی منظوری کی درجہ بندی سے مشروط ہو۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میئرز اور صوبائی فنانس ایوارڈ کے براہ راست انتخابات ہوں، ایکسٹینشن کا اختتام کیا جائے، کوئی بھی وزیراعظم دو ٹرم یا 10 سال کے لیے منتخب ہو، پارٹیوں میں جمہوریت لائی جائے، کسی کو نشانہ بنائے جانے کا عمل ختم کرنے کے لیے آزاد پراسیکیوشن ہو اور پراسیکیوٹر جنرل کو سپریم کورٹ کے جج کی طرح مقرر کیا جائے، اگر کوئی چاہے تو ان تجاویز میں اضافہ بھی کرسکتا ہے لیکن کم از کم ان کے ساتھ شروعات تو کریں۔

علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں ہر شخص کو ہر وقت گرفتاری کا خطرہ ہے، میں چار مرتبہ جیل سے ہو آیا ہوں الله خیر کرے گا، تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں رکھ کر مسائل حل نہیں ہوں گے، ملک میں سیاسی درجہ حررات نیچے لانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے عمران خان کو رہا کریں تا کہ ملک آگے بڑھ سکے کیوں کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی ہے پانچ ماہ نکال گئی توبڑی بات ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں