کسی کو اپنی ذاتی سیاست کسانوں کی آڑ میں چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے‘عظمیٰ بخاری

پنجاب حکومت نے کسانوں کے کسی نمائندے کو گرفتار نہیں کیا نہ ہی صوبہ بھر میں کسانوں کے نمائندوں کی گرفتاریاں ہوئی ہیں

پیر 29 اپریل 2024 15:30

کسی کو اپنی ذاتی سیاست کسانوں کی آڑ میں چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے‘عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے کسی نمائندے کو گرفتار نہیں کیااور نہ ہی صوبہ بھر میں کسانوں کے نمائندوں کی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں کسانوں کی تین سے چار تنظیمیں ہیں، پنجاب حکومت کسانوں کے حقیقی نمائندوں سے مکمل رابطے میں ہے، کچھ لوگ اپنی سیاست کی آڑ میں کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں، کچھ ایسے موسمی کسان بھی بن گئے ہیں جنہوں نے مخالف سیاسی جماعت سے ہمارے مقابلے میں الیکشن بھی لڑے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے ہر قسم کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے اور کرے گی بھی، کسی کو اپنی ذاتی سیاست کسانوں کی آڑ میں چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔جو لوگ اپنی سیاسی دکانداری کے لیے کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہیں ان کو کسانوں کا نام استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت اپنے لوگوں کے ذریعے گندم کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے، یہ جماعت کسانوں کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں