ٹانک پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا

غربی چکر کے ساتھ واقع شہری کے گھر کے باہر نصب بارودی مواد کو پھٹنے سے پہلے ناکارہ بنا دیاگیا

جمعہ 10 دسمبر 2021 20:41

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2021ء) ٹانک پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا‘ غربی چکر کے ساتھ واقع شہری کے گھر کے باہر نصب بارودی مواد کو پھٹنے سے پہلے ناکارہ بنا دیا ٹانک کے گنجان آباد علاقہ محلہ ڈاکٹر ربنواز میں واقع اکبر نامی شخص کے گھر کے باہر نامعلوم ملزمان نے بارودی مواد نصب کیا تھا بارودی مواد کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ سجاد احمد صاحبزادہ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر انعام اللہ گنڈہ پور،ایس ایچ او سٹی گل ولی خان،پولیس کے بم ڈسپوزل سکوارڈ کے عملہ اور سیکورٹی فورسز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس نے محلہ ڈاکٹر ربنواز کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا تھا جبکہ بارودی نما بم کو ناکارہ بنانے سے پہلے مقامی پولیس ،سیکورٹی فورسز اور 1122 نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے آس پاس کے گھروں کو خالی کرایا جس کے بعد پولیس کے بم ڈسپوزل سکوارڈ کے بہادر جوانوں نے کم وسائل کے باوجود اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر انتہائی مہارت کے ساتھ بارودی نما بم کو ناکارہ بنا دیا اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ سجاد احمد صاحبزادہ نے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ اکبر نامی شخص جو کہ جنوبی وزیرستان کا سکونتی ہے اور محلہ ڈاکٹر ربنواز میں رہائش پذیر ہے کے گھر کے باہر نامعلوم ملزمان نے جو بم نصب کیا تھا وہ انتہائی خطرناک تھا جونہی پولیس کو بم کے نصب ہونے کی اطلاع ملی تو مقامی پولیس، سیکورٹی فورسز اور دیگر تمام متعلقہ اداروں نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کیوک رسپانس کیا اور بم کو ناکارہ بنا دیا ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بم کا وزن چار کلو گرام سے زیادہ ہے اگر بم پھٹ جاتا تو اس سے بہت بڑے نقصان کا اندیشہ تھا ضلعی پولیس سربراہ نے بروقت کاروائی پر بم ڈسپوزل سکوارڈ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر انعام اللہ گنڈہ پور،ایس ایچ او سٹی گل ولی خان،سیکورٹی فورسز و پولیس کیجوانوں اور ریسکیو 1122 کے عملہ کو خراج تحسین پیش کیا اور انکو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا جبکہ اہل محلہ اور عوامی حلقوں نے علاقہ کو تباہی سے بچانے پر ڈی پی او سمیت سیکورٹی فورسز،پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کو بروقت کاروائی پر خراج تحسین پیش کیا-

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں