اتحادی متفق،حکومت مدت پورے کرے گی، قبل ازوقت انتخابات ممکن نہیں ، وفاقی وزیر مفتی اسعد محمود

جمعرات 21 جولائی 2022 16:20

ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2022ء) وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پورے کرے گی، قبل ازوقت انتخابات ممکن نہیں، تمام اتحادی متفق ہیں ، موجودہ معاشی بحران کی وجہ عمران خان حکومت کے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے ہیں، مشکل حالات سے نکلنے کے لئے وفاقی حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے، جلد معاشی بحران پر قابو پا لیا جائے گا ،ضلع ٹانک کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی آبادی کاری حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، سیلاب متاثرین کو امدادی پیکیج دیا جائے گا،ٹانک کے لئے میگا پراجیکٹ کا اعلان کیاجائے گا جس سے ضلع ٹانک میں پانی تعلیم اور صحت کے مسائل حل ہو جائیں گے یہ پراجیکٹ علاقائی پسماندگی کے خاتمے میں اہم سنگ میل ثابت ہونگے ،این ایچ اے جلد ٹانک میں 2نئے روڈ تعمیر کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ٹانک کے سیلاب زدہ گاؤں پائی اور نندور کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی محمود آحمد خان بیٹنی،تحصیل مئیر صدام حسین بیٹنی،تحصیل مئیر بہادر خان بیٹنی،ضلعی امیر مولانا امیر محمد جان،مولانا نادر خان،مفتی اللہ نور اور شمس الزمان شمس بھی تھے، وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10لاکھ تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو 5لاکھ جبکہ جزوی طور پر تباہ گھروں کے مالکان کو 2لاکھ روپے دیئے جائیں گے، ان کا کہناتھاکہ این ڈی ایم اے کی جانب سے 300خاندانوں میں این ایف آئی کٹ تقسیم کیے جائیں گے ، تین ماہ کی حکومت پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں دیکھ لیں 9سال سے خیبر پختوانخواہ پر حکومت کرنے والے ٹانک اور جنوبی اضلاع میں ایک میگا عوامی پراجیکٹ بتادیں ،وزیر اعلی خیبر پختوانخواہ پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ پائی جلسہ میں روڈ نظر نہ آنے کی بات کر کے اپنی ناکامی تسلیم کی کہ وہ عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے سیلاب سے تباہ شدہ گھروں کا معائنہ بھی کیا ۔۔\378

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں