ٹھٹھہ،ضلع کونسل کی جانب سے ذہین اور مستحق طلبہ کے اسکالر شپ کے لیے 40 لاکھ روپے مختص، انٹرویوز کا انعقاد

اتوار 19 اگست 2018 20:20

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) ضلع کونسل ٹھٹھہ کی جانب سے ذہین اور مستحق طلبہ کے اسکالر شپ کے لیے 40 لاکھ روپے مختص، انٹرویوز کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل ٹھٹھہ کی جانب سے ضلع کے ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ فراہم کرنے کے لیے 40 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں جبکہ اسکالر شپ کے لیے موزون طلبہ و طالبات کے انتخاب کے لیے جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرفراز سولنگی کی سربراہی میں ایک سہہ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ٹھٹھہ کے پرنسپل ڈاکٹر محمد علی مانجھی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سراج احمد میمن بھی شامل ہیں، دریں اثنا ڈاکٹر سرفراز سولنگی کی سربراہی میں قائم سہہ رکنی کمیٹی نے ہفتہ کے روز ضلع کونسل کے دفتر میں واقع شہید بینظیر بھٹو ہال میں اسکالر شپ حاصل کرنے کے خواہشمند ایک سو سے زائد طلبہ و طالبات کے انٹرویوز بھی کیے، اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈاکٹر سرفراز سولنگی کا کہنا تھا کہ میرٹ کی بنیاد پر ضلع کے قابل، ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کے نام شارٹ لسٹ کرنے کے بعد اسکالر شپ کے لیے حتمی فہرست چیرمین ضلع کونسل غلام قادر پلیجو کو ارسال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کے طلبہ و طالبات میں بڑی صلاحیتیں موجود ہیں اور ضلع کونسل نے ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انہیں بہترین موقع فراہم کیا ہے۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں