ڈپٹی کمشنر سجاول شہر یار گل میمن کی زیر صدارت 20 نکاتی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کے متعلق ایک اہم اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 25 جون 2022 22:22

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر سجاول شہر یار گل میمن کی زیر صدارت اسلامی نظریاتی کونسل اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیغام پاکستان کی روشنی میں جاری کردہ 20 نکاتی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی آئی بی انچارج عبدالحق، و دیگر مختلف محکموں کے متعلقہ افسران، امیر جمعیت علمائے اسلام مفتی نظیر احمد عمرانی، صدر مجلس وحدت مسلمین، السنت جماعت کے نمائندے کے علاوہ مختلف مذہبی رہنماء، علماء کرام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت نفاذ اسلام کے نام پر ریاست کے خلاف مسلح کاروائی، تشدد، نفاق اور انتشار کی تمام صورتوں کو بغاوت قرار دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی مذہبی پلیٹ فارم سے فرقہ وارانہ تقاریر اور سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ وارانہ پوسٹ شیئر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل‘ قران پاک سے شادی، ونی، کاروکاری اور وٹہ سٹہ کی سختی سے ممانعت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق پاکستان کے دستور کو تسلیم کرنا اور ریاست کے ساتھ وفاداری کا حلف نبھانا تمام شہریوں کا فرض قرار دیا گیا۔ انہوں نے ضلع کے عوام بالخصوص علماء و تمام مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ ریاست کے خلاف لسانی، علاقائی اور مذہبی تحریکوں کا حصہ بننے سے گریز کیا جائے، کوئی اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنے کا استحقاق نہیں رکھتا، جبر کرنا شریعت کی نفی ہے، آزادی اظہار آئین کے تحت شہریوں کا بنیادی حق ہے تاہم یہ حق اسلامی اقدار اور ملکی قوانین کے ماتحت ہے، اسلام خواتین کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، اس لئے خواتین کی تعلیم، روزگار اور ووٹ کے حق کا تحفظ کیا جائے گا، مسلمان کی تعریف وہی معتبر ہے جو دستور پاکستان میں درج ہے، کسی کو اپنی مرضی و منشا کے مطابق مسلمان کی تعریف کرنے کا حق حاصل نہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں سیاسی، نظریاتی، مسلکی، لسانی اور علاقائی بنیادوں پر مخالفین کو ملک دشمن، غدار اور باغی قرار دینا ایک عام روایت بن چکی ہے، دین سے دوری نے ہمیں مفادات کا پجاری بنا دیا ہے جس کا اسلام اور پاکستان کے دشمن بھرپور فائدہ اٹھاتے رہے ہیں اور ہمیں آپس میں لڑا کر کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے تو پرامن بقائے باہمی، انسانیت کے احترام، عفو و درگذر، صبر و استقامت، برداشت، رواداری، بڑوں کی عزت، چھوٹوں پر شفقت اور دوسروں کے خیالات اور نظریات کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ضابطہ اخلاق پر عملدآمد کو یقینی بنائیں اور ذمہ داری شہری کی حیثیت میں آپس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائیچاری کو برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور قردار ادا کریں۔

انہوں نے محکمہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع سجاول کے داخلی وہ خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائی. ڈپٹی کمشنر شہر یار گل میمن نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائی.

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں