ٰبارشوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام پیشگی اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

جمعرات 29 فروری 2024 20:15

ی*ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 فروری2024ء) پاکستان کے محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے 29 فروری سے 2 مارچ 2024ء کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے امکان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اسد علی خان نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام پیشگی اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور نجی و سرکاری املاک کے نقصانات سے بچا جا سکے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایسی ہدایات انہوں نے ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال مکلی میں منعقدہ اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے چیئرمن میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ سمیت تمام ٹاؤن افسران، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی، ڈرینیج، لوکل گورنمنٹ، صحت، لائیواسٹاک، سوشل ویلفیئر و دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو الرٹ رہنے اور ہیڈ کوارٹرز میں موجودگی کو یقینی بنانے سمیت تمام احتیاطی تدابیر بروقت اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کے کینالوں، شاخوں اور نالوں کی بھل صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے جبکہ تمام ڈسپوزلز اور مشینری کو بھی فعال رکھا جائے تاکہ بارشی پانی کے بہاؤ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ہو سکے۔ انہوں نے میونسپل و ٹاؤں افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود بھی فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ بھی رابطہ رکھیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کیٹی بندر کو ہدایت کی کہ وہ ساحل سمندر کی کریکس میں رہائش پذیر لوگوں کو ممکنہ بارش کی پیشگوئی کے متعلق آگاہی دیں اور انہیں وہاں سے منتقل ہونے کیلئے متنبہ کریں تاکہ وہ رلیف کیمپس میں منتقل ہو کر محفوظ ہو سکیں۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ رلیف کیمپس کے قیام کی فوری طور پر نشاندہی کرکے آگاہ کیا جائے تاکہ ممکنہ متاثرین کو پینے کے پانی، اشیائ خورد و نوش، طبی و دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر انتظامات کئے جا سکے۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران ضلع کے تمام صحت مراکز میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 24 گھنٹے تیار رہیں اور ڈاکٹرز، عملے، ایمبولینسز، سانپ کے ڈسنے اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین سمیت تمام ضروری ادویات کی موجودگی اور ممکنہ رلیف کمیپس میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے محکمہ لائیواسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ مویشیوں کو ممکنہ امراض سے بچانے کیلئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے حیسکو افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ گرے ہوئے بجلی کے پول اور تاروں کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مختلف این جی اوز کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا اپنا پلان شیئر کریں تاکہ مزید حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔ اس موقع پر پاک نیوی کے لیفٹیننٹ کمانڈر شاہد نے اجلاس کو بتایا کہ پاک نیوی کی جانب سے ایمرجنسی ریسپانس ٹیمین تشکیل دی گئی ہیں جس میں ایمبولینس، فائر برگیڈ، طبی سہولیات موجود ہیں جوکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے دوران ریسکیو کیلئے 5 منٹ میں پہنچ سکتی ہیں۔ قبل ازیں متعلقہ محکموں کے افسران نے امکانی بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کے متلعق ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی ا?گاہی بھی دی۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں