ٹرین کی بوگی پٹڑی سے اترگئی‘ ٹرینوں کی آمدورفت معطل

رحمان بابا اور قراقرم ایکسپریس کے ساتھ ساتھ پاکستان ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو بھی روکنا پڑ گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 نومبر 2023 11:17

ٹرین کی بوگی پٹڑی سے اترگئی‘ ٹرینوں کی آمدورفت معطل
ٹوبہ ٹیک سنگھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 نومبر 2023ء ) صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی کی بوگی پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث کئی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنز پر روکنا پڑ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مال گاڑی کراچی سے لاہور جا رہی تھی کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب پٹڑی سے اترگئی، جس کی وجہ سے مختلف سٹیشنوں پر رحمان بابا اور قراقرم ایکسپریس کو روک دیا گیا، پاکستان ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو بھی روک لیا گیا۔

ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ گوجرہ سیکشن پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا، جلد ٹریک بحال کر دیا جائے گا۔ ادھر لاہور سے کراچی جانیوالی خیبر میل ایکسپریس خوفناک حادثے سے بچ گئی، خیبر میل ایکسپریس لاہور سے کراچی جا رہی تھی جب ساہیوال پہنچی تو اس کی ایک بوگی کے پیوں سے دھواں نکل رہا تھا جس کی چیکنگ میں پتا چلا کہ خیبر میل کی ایک بوگی کے پہیے جام تھے، پہیے جام ہونے سے آتشزدگی اور بوگیاں پٹری سے اترنے کا خدشہ تھا، متاثرہ بوگی کو ٹرین سے علیحدہ کرکے ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح گذشتہ ماہ اٹک میں فقیرآباد کے قریب مال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں جس سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ فقیرآباد کے قریب مال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتریں جس سے راولپنڈی، پشاور ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، پشاور سے کوئٹہ جانیوالی جعفر ایکسپریکس کو اٹک ریلوے اسٹیشن اور راولپنڈی سے ملتان جانے والی تھل ایکسپریس کوحسن ابدال پرروک لیا گیا۔

دوسری طرف لاہور سے فیصل آباد جانیوالی ٹرین میں سانگلہ ہل سٹیشن سے فیصل آباد کی حدود میں ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 3 بچوں نے ٹی ٹی کے ڈرانے پر چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگا دیں، حادثہ میں ایک بچہ سلطان احمد جاں بحق جب کہ اس کے دونوں ساتھی 11 سالہ سہیل اور 12 سالہ عبدالرحمن شدید زخمی ہوگئے، بھلوانہ کے رہائشی تین بچے 15 سالہ سلطان احمد ،11 سالہ سہیل اور 12 سالہ عبدالرحمن بغیر ٹکٹ شاہدرہ لاہور سے فیصل آباد آنے والی ٹرین پر بیٹھے، سانگلہ ہل سٹیشن سے فیصل آباد آتے ہوئے ٹی ٹی کے ٹکٹ طلب کرنے پر تینوں کمسن بچے ٹکٹ نہ دکھا سکے تو ٹی ٹی نے پولیس کو بلانے کی دھمکی دی جس پر بچوں نے خوفزدہ ہوکر ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں