پوسٹ گریجوایٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:09

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) ڈی آئی جی موٹر وے ( ایم فور) سلطان احمد چوہدری کی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر عطامحمد چوہدری کی زیر نگرانی سیکٹر موبائل ایجوکیشن یونٹ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا اور طلباو طالبات اور سٹاف کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی۔

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایم فور ایس ایس پی چودھری عطامحمد گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان بہت قیمتی ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے،موٹروے پولیس اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور موٹر وے پر سفر کرنے والے مسافروں کی زندگیوں کو بچانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے دوران ڈرائیونگ انتہائی صبرو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک ڈسپلن کی پابندی کریں، اوور سپیڈنگ سے گریز کریں اور ہمیشہ سیٹ بیلٹ لگا کر رکھیں، دہشتگردی میں اتنے زیادہ لوگ جاں بحق نہیں ہوتے جتنے ہمارے ٹریفک حادثات میں ہوتے ہیں دوران سفر اگر ہم ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تو ان حادثات سے بچا جاسکتا ہے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے سے محفوظ رہ سکتی ہیں، موبائل ایجوکیشن یونٹ انچارج انسپکٹر محفوظ الحسن چوہدری نے اپنے لیکچر میں دوران ڈرائیونگ حادثات سے بچنے کے لئے مفید معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پیدل چلتے ہوئے ہمیشہ روڈ کے دائیں کنارے پر ر ہیں،آنے والی ٹریفک پر مکمل نظر رکھیں،رات کے وقت ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ آپ ڈرائیورز کو آسانی سے نظر آ سکیں،سڑک پار کرتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لیں کبھی بھی سڑک بھاگ کر کراس نہ کریں،چھوٹے بچے کے ساتھ ہو تو ان کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے رکھیں،ڈرائیورز نیند آنے کی صورت میں گاڑی بالکل نہ چلائیں، گاڑی کسی محفوظ جگہ پر پارک کردیں،ہاتھ منہ دھو لیں آنکھوں میں ٹھنڈے پانی کے چھینٹے لگائیں،تھوڑی سی واک کریں چائے یا کافی پی لیں،لمبے سفر کے دوران ہر دو گھنٹے بعد بریک ضرور لیں،دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ باندھ کر رکھیں،موبائل فون کا استعمال بالکل نہ کریں گاڑی کے ٹائرز پر بالکل سمجھوتہ نہ کریں اور ہمیشہ اچھی کنڈیشن کے ٹائر استعمال کریں،سڑک پر نصب ٹریفک سائن بورڈذ کی پابندی کریں، دوران سفر دوسرے ڈرائیورز کے حقوق کا خیال رکھیں،کسی بھی مشکل کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں،کالج انتظامیہ اور طلباو طالبات نے موٹر وے پولیس کی اس کاوش کو بہت سراہا اور کہا کہ آئندہ بھی ایسے مفید سیشن ہوتے رہنے چاہیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں