ٹوبہ ٹیک سنگھ ،باپ ،بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این رپورٹ میں زیادتی کے شواہدنہیں ملے

باپ اور بھائی کو ماریہ کے کردار پر شک تھا، واقعے کی ویڈیو کی فرانزک رپورٹ میں ویڈیو اور آواز اصلی ہے، تفتیش مکمل ہو چکی، جلد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا،ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 12:53

ٹوبہ ٹیک سنگھ ،باپ ،بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این رپورٹ میں زیادتی کے شواہدنہیں ملے
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ ،باپ اوربھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این رپورٹ میںزیادتی کے شواہدنہیں ملے،ماریہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق باپ اور بھائی کو ماریہ کے کردار پر شک تھا۔ ماریہ سے زیادتی نہیں کی گئی۔ واقعے کی ویڈیو کی فرانزک رپورٹ میں ویڈیو اور آواز اصلی ہے، تفتیش مکمل ہو چکی، جلد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس نے تحقیقات کیلئے قبر کشائی کر کے لاش سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کئے تھے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب پیش آیا تھا، ملزمان نے واردات کے بعد لڑکی کی خاموشی سے تدفین کر دی تھی۔تھانہ صدر ٹوبہ پولیس نے قتل کی وحشیانہ واردات کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی بھیانک واردات سامنے آئی تھی جس میں لڑکی کو بھائی اور باپ نے دیگر گھر والوں کے سامنے گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے مقتولہ کی ویڈیومنظر عام آنے پرویڈیو بنانے والے بھائی شہباز اور اس کی بیوی سمیرا کو گرفتار کیاتھا۔پولیس کا کہنا تھاکہ شہباز نے ویڈیو بنا کر خود کو بےگناہ ثابت کرنے کی کوشش کی، لیکن تفتیش میں اعترافِ جرم کر لیا تھا۔دورانِ تفتیش 22 سالہ مقتولہ ماریہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے پولیس کو بتایا تھا کہ ہمیں ماریہ نے اپنے ساتھ زیادتی کا بتایا تھا۔

بھائی شہباز کا کہنا تھا کہ افطاری کے بعد جب بہن نے مجھ سے شکایت کی تو میں نے اپنے والد اور بھائی سے بات کی لیکن جب میں باہر آیا تو والد اور بھائی نے میری آنکھوں کے سامنے بہن کو قتل کر دیا تھا۔بھابھی کا کہنا تھاکہ جب ہم نے ماریہ سے ملاقات کی تو اس کے ہاتھ پاﺅں باندھے ہوئے تھے۔شہباز نے کہا کہ ماریہ کو بچانے آیا تو بھائی اور والد نے میری بیٹیوں کو مارنے کی دھمکی دی جس کی وجہ سے مزاحمت نہیں کر سکے لیکن میں نے فون کال کے بہانے بہن کے قتل کی ویڈیو بنا لی تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل ہونے والی ماریہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس نے رپورٹ طلب کر لی تھی اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے قتل کیس کو ہائی پروفائل قرار دیا تھا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں