مشترکہ کاوشیں کر کے کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے،سیکر ٹری زکواة و عشر ڈیپارٹمنٹ پنجاب

جمعہ 11 اکتوبر 2019 18:23

وہاڑی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) سیکر ٹری حکو مت پنجاب زکواة و عشر ڈیپارٹمنٹ عالمگیر خان نے کہا ہے کہ مشترکہ کاوشیں کر کے کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے حکو مت کے ساتھ مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے کسی بھی مسئلے کو بروقت حل اور مسائل پر قابو پا یا جا سکتا ہے انسداد ڈینگی کے حوالے سے وہاڑی ضلع میں بہترین اور بھر پور انداز سے کام کیا گیا یہی وجہ ہے کہ ضلع وہاڑی ڈینگی سے پاک ہے جس پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور متعلقہ تمام محکموں کے افسران اور ان کے ملازمین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار خورشید ہال گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول وہاڑی میں ڈینگی اور سموگ کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک، سی ای او ایجو کیشن حافظ محمد قاسم، ڈی ای او سیکنڈری جاوید باجوہ ، ڈی ای او ایلیمنٹری معروف چوہدری، ڈی ای او ایلیمنٹری خواتین مصباح رفیق، اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ماحولیات راناصفدر، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران موجود تھے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکر ٹری زکواة و عشر ڈیپارٹمنٹ عالمگیر خان نے مزید کہا کہ اگر محنت، لگن اور جذبے سے کام کیاجائے تو کسی بھی مصیبت یا چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے جس طرح ضلع وہاڑی میں ڈینگی پر قابوپانے کے لئے ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت ، تعلیم ، ماحولیات اور دیگر ڈیپارٹمنٹس میں جذبے اور لگن سے کام کیا ہے اسی کی بدولت آج ضلع وہاڑی ڈینگی سے محفوظ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مز ید کہا کہ ہمیں ڈینگی اور سموگ کے حوالے سے عوام میں مسلسل آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان مسائل پر قابو رہے ۔انہوں نے مز ید کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں صفائی کی تلقین کرتا ہے اگر ہم اپنے کمرے ،گھر ، گلی ، محلہ کو صاف رکھیں تو ہم بہت سی مشکلات اور مسائل سے بچ سکتے ہیں انہوں نے مز ید کہا کہ ڈینگی کے ساتھ ساتھ ہمیں سموگ کے حوالے سے بھی عوام میں آگاہی پیداکرنی ہے تاکہ سردیوں میں سموگ کی صورتحال سے بھی بچا جا سکے ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ڈی ایچ کیو وہاڑی میں ڈینگی کے لائے جانے والے مریضوں کا تعلق دوسرے شہروں سے تھا جو وہاں ڈینگی میں مبتلا ہوئے اور پھر اپنے آبائی علاقوں کی طر ف آئے ۔ان تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ان کا بروقت علاج کیا گیا اور وہ صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں انہوں نے مز ید کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں محنت، اور قومی جذبے سے کام کر رہی ہیں اور ابھی تک وہاڑی میں ڈینگی کا کوئی لاروا نہیں ملا۔

جس کے پیچھے محکمہ صحت کے افسران ، ملازمین اور انسداد ڈینگی ٹیموں کی خصو صی کاوشیں شامل ہیں ۔ جس وجہ سے ڈینگی مچھر پر قابو پایا گیا ہے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرارشد ملک نے کہا کہ ڈینگی سے آگاہی کے لئے منظم انداز سے کام جاری ہے گھر گھر جا کر ڈینگی کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے کہ اپنے گھروں میں کہیں بھی پانی وغیر ہ کھڑا نہ ہونے دیں ، ائیر کولز سے پانی نکال دیں اور انہیں ڈھانپ کر رکھیں پانی کی لیکیج کو روکا جائے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

سیمینار کے اختتام پر سیکر ٹری زکواة وعشر عالمگیر خان اور ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی قیادت میں جناح روڈ پر آگاہی واک کی گئی۔ اس موقع پر لوگوں میں ڈینگی اور سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں