ایاز خان جوگیزئی سے سردار اکبرخان کمال خیل ناصرکی ملاقات ،قبائلی تنازعات کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیا ل

جب تک قبائلی دشمنیاں ختم نہیں ہوگی تب تک پشتون قوم ترقی نہیں کرسکتی سب کومل کر قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لئے کر دار ادا کر نا ہوگا،کنونیر پشتون قومی جرگہ

ہفتہ 12 نومبر 2022 21:30

زیارت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2022ء) پشتون قومی جرگہ کے کنونیر نواب ایاز خان جوگیزئی سے ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قبائلی شخصیت سردار اکبرخان کمال خیل ناصرنے ملاقات کی ،قبائلی تنازعات کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قبائلی تنازعات ختم کرنے کیلئے کر دار ادا کریں گے ۔

پشتون قو می جرگہ کے کنوینر نواب ایازخان جوگیزئی نے کہا کہ جب تک پشتون قوم کے آ پس کی دشمنیاں لڑائی جھگڑے ختم نہیں ہوتے پشتون قوم ترقی نہیں کرسکتی لہٰذا پشتون قوم کے درمیان دشمنیاں ختم کرنے کیلئے سرداران،ملک ،معتبرین علماء کرام کردار ادا کریں ،انہی قبائلی تنازعات کی وجہ سے بہت سے قبائلی معتبرین علماء کرام جوان زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،دشمنیاں ختم دو انسانوں کے درمیان نفرتیں ختم کرانا عظیم جہاد ثواب ہے۔

(جاری ہے)

سرداراکبرخان کمال خیل ناصر نے کہا کہ پشتون قوم کے درمیان تنازعات ختم کرنے کیلئے پہلے بھی میرے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے تھے اب بھی کھلے ہیں اور انشاء اللہ ہروقت کھلے رہیں گے ،اللہ کی رضا کیلئے میں ہرقسم کی قربانیاں دینے کو تیار ہوں ۔انہوں نے نواب ایازخان جوگیزئی سے کہا کہ قبائلی تنازعات ختم کرنے کیلئے میں آ پ کے ساتھ ہروقت ہر تعاون کروں گا۔ سرداراکبرخان کمال خیل ناصر کے ساتھ دکی کے محمد انور ناصر،اخونذادہ،علی خان،عصمت خان ودیگر بھی تھے۔

متعلقہ عنوان :

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں