پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں دوسر ٹیسٹ میچ اتوار سے شروع ہوگا ،پاکستان ٹیم کی بھرپور پریکٹس

ہفتہ 29 اپریل 2017 13:12

پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں دوسر ٹیسٹ میچ  اتوار سے شروع ہوگا ،پاکستان ٹیم کی بھرپور پریکٹس
بارباڈوس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل اتوار سے برج ٹائون، بارباڈوس میں شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا، پاکستان نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کریگی تاہم انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ٹیم کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنا ہوگا بلکہ اس میں مزید بہتری لانا ہوگی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10 مئی سے شروع ہوگا۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول تین ٹیسٹ کرکٹ میچوں کی سیریز میں عالمی درجہ بندی میں پانچواں نمبر بچانے کا چیلنج درپیش ہو گا، گرین شرٹس کو اب ویسٹ انڈیز ٹیم سے ایک اور میچ جیتنا ہے اور جیت کی صورت میں پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے برج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بھرپور ٹریننگ کی۔ ٹریننگ سیشن کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر زور دیا گیا۔ پاکستان کو 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم نے اس عزم کااظہارکیاہے کہ وہ سابقہ کارکردگی کو دہراتے ہوئے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
وقت اشاعت : 29/04/2017 - 13:12:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :