قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

بدھ 17 مئی 2017 11:58

قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء) قومی ٹیم کے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے کپتان مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف الوداعی سیریز میں تاریخی فتح کے بعد وطن پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو ان کے مداحوں، دوستوں اور پی سی بی حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا اور قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئی۔

اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے پر پوری ٹیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یادگار فتح زندگی بھر یاد رہے گی۔

(جاری ہے)

پرجوش ہجوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ 'یہ میرے لیے اعزاز ہی'۔صحافیوں سے گفتگو میں مصباح الحق نے کہاکہ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں، ویسٹ انڈیز کی جیت میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کامیابی کا سہرا پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہہم نے وہ کامیابی حاصل کی ہے جس کا دنیا کی باقی ٹیمیں صرف خواب دیکھتی ہیں ۔ مصباح الحق نے کہا کہ ایسی کامیابیاں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد فراہم کریں گی، ضروری ہے کہ ہم اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتے رہیں۔اس موقع پر سابق کپتان نے قوم کی دعاؤں اور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 17/05/2017 - 11:58:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :