آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، عالمی چیمئپن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا

جمعہ 2 جون 2017 23:11

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، عالمی چیمئپن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا
برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔ جمعہ کو برمنگھم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 40 کے سکور پر اس کی پہلی وکٹ گری جب مارٹن گپٹل 26 رنز بنانے کے بعد ہیزلووڈ کی گیند پر میکسویل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، دسویں اوور کے دوران بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ کو 46 اوورز تک محدود کر دیا گیا، کیویز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45 اوورز میں 291 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کین ولیمسن نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور کی، ولیمسن 100 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیوک رونچی 65 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، روز ٹیلر 46، نیل بروم 14، جیمز نیشم 6، کورے اینڈرسن اور مچل سینٹنر 8، 8 ایڈم ملن 11 اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، جوش ہیزلووڈ نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جان ہیسٹنگز نے 2 اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

کھانے کے وقفے کے دوران بارش شروع ہوئی تو میچ مزید تاخیر کا شکار ہوا اور کینگروز کو 33 اوورز میں 235 رنز کا ہدف ملا، آسٹریلیا نے 9 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز بنائے تھے کہ دوبارہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ تھمی تو ایمپائر نے میچ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا۔ ڈیوڈ وارنر 18، ایرون فنچ 8 اور موئسز ہنریکس 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سٹیون سمتھ 8 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، ایڈم ملن نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 02/06/2017 - 23:11:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :