پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل میںکرکٹر شرجیل خان اور ناصر جمشید کے کیس کی سماعت ،عاقب جاوید نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا

جمعہ 7 جولائی 2017 20:50

پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل میںکرکٹر شرجیل خان اور ناصر جمشید کے کیس کی سماعت ،عاقب جاوید نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2017ء) پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے جمعہ کے روز کرکٹرز شرجیل خان اور ناصر جمشید کے کیس کی سماعت کی ۔جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی ٹربیونل نے شرجیل خان کے کیس کی پہلے سماعت کی ۔شرجیل خان کی طرف سے کھیلی گئی ڈاٹ بالز کے بار ے میں پی سی بی کی طرف سے ماہرانہ رائے دینے کے لئے سابق کرکٹر عاقب جاوید پیش ہوئے اور انہوں نے ٹربیونل کو بتایا کہ اگر ڈاٹ بالز سے قبل سپاٹ فکسنگ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور پھر اس پر ویسے ہی عمل در آمد ہوا تو یہ سپاٹ فکسنگ کے زمرے میں آتا ہے لیکن منصوبہ بندی کی کہانی کے درست ہونے کے بارے میں پی سی بی ہی بتاسکتا ہے ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے بتایا کہ ٹربیونل کے روبرو عاقب جاوید نے شرجیل خان کی طرف سے کھیلی گئی دو ڈاٹ بالز کے بارے میں اپنی ماہرانہ رائے دے دی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اگرڈاٹ بالز کے پیچھے سپاٹ فکسنگ کی منصوبہ بندی ہے تو پھر یہ ڈاٹ بالز مشکوک ہیں ۔تفضل رضوی نے کہاکہ پی سی بی نے ٹربیونل سے درخواست کی کہ شرجیل خان کو بطور گواہ طلب کیا جائے ان سے ٹربیونل ہی سوالات پوچھ لے تو ٹربیونل نے کہاکہ اگر انہیں ضرورت ہوئی تو وہ اسے بطور گواہ طلب کرلیں گے ۔

تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ ناصر جمشید کے وکیل بیمار ہونے کی وجہ سے ٹربیونل کے روبرو پیش نہیں ہوئے لیکن انہوں نے اپنا جواب بریف جمع کروادیا ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے گواہوں میں شرجیل خان ،شاہ زیب حسن ،یوسف اور جیمز کا نام دیا ہے ۔تفضل رضوی نے بتایا کہ ٹربیونل نے یو کے کی کرائم ایجنسی کے مینجر آپریشنز اینڈریو سے معاونت مانگی ہے اور وہ بذات خود 13جولائی کو پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے یا پھر سکائپ کے ذریعے ان کا بیان ریکارڈ ہوگا ۔
وقت اشاعت : 07/07/2017 - 20:50:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :