قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد کا انگلش کائونٹی یارک شائر سے معاہدہ ،بورڈ نے این او سی جاری کردیا

�ولائی کو لندن روانگی ہو گی،سرفراز احمد کائونٹی کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہوں گے کائونٹی کرکٹ کھیلنا دیرینہ خواہش تھی ،مستقبل میں بھی کائونٹی کھیلنا پسند کروں گا ‘ انٹر ویو میں گفتگو

جمعہ 14 جولائی 2017 20:54

قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد کا انگلش کائونٹی یارک شائر سے معاہدہ ،بورڈ نے این او سی جاری کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2017ء) قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد کا انگلش کائونٹی یارک شائر سے معاہدہ ہوگیا، پی سی بی نے بھی کپتان کو این اوسی جاری کر دیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین 3 اگست سے کائونٹی کی طرف سے 5 میچز کھیلیں گے۔چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد پر کائونٹی کرکٹ کے دروازے بھی کھل گئے۔ سرفراز احمد کائونٹی کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہوں گے۔

یارک شائر نے سرفراز احمد سے آسٹریلیا کے پیٹر ہینڈز کومب کے متبادل کی حیثیت سے معاہدہ کیا ہے۔ جبکہ کائونٹی کے مقامی وکٹ کیپر جونی بیرسٹو انگلش ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں۔ سرفراز احمد 27 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ 3 اگست کو ڈربی شائر کے خلاف ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں کائونٹی ڈیبیو کریں گے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے کہا کہ انگلش کائونٹی سے کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ان کے لئے آف سیزن میں صلاحیتوں میں بہتری کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔بی بی سی کے مطابق سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کائونٹی کرکٹ کھیلنا ان کی دیرینہ خواہش تھی اور وہ مستقبل میں بھی کائونٹی کھیلنا پسند کریں گے۔ کائونٹی کرکٹ کھیلنا ان کے لیے اہم موقع ہے اور وہ چاہیں گے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کائونٹی کرکٹ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا کیونکہ جس کرکٹر نے بھی کائونٹی کرکٹ کھیلی ہے اس کا یہی کہنا ہے کہ وہاں بہت زیادہ پروفیشنلزم ہے اور اسے وہاں کھیل کر تجربہ حاصل ہوا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ صرف پانچ میچز کا معاہدہ ہے لیکن مستقبل میں اگر انہیں پیشکش ہوئی اور پاکستانی ٹیم کی مصروفیت نہ ہوئیں تو وہ کائونٹی کرکٹ کے زیادہ میچز کھیلیں گے۔
وقت اشاعت : 14/07/2017 - 20:54:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :