پاکستان ایئرفورس کی ٹیم پہلی سٹابری انٹر ڈیپارٹمنٹل قومی کبڈی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، چوہدری فریاد علی جٹ

منگل 1 اگست 2017 12:42

پاکستان ایئرفورس کی ٹیم پہلی سٹابری انٹر ڈیپارٹمنٹل قومی کبڈی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، چوہدری فریاد علی جٹ
اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2017ء) پاکستان ایئرفورس ٹیم کے کوچ فریاد علی جٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس کی ٹیم پہلی سٹابری انٹر ڈیپارٹمنٹل قومی کبڈی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ گذشہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس ٹیم کے کھلاڑیوں کا دو ماہ تک تربیتی کیمپ پشاور میں جاری تھا جس میں کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کی ہے اور پی اے ایف کی ٹیم کے کھلاڑی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میڈل ضرور حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پی اے ایف کی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور چیمپئن شپ (آج) بدھ سے لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

چوہدری فریاد نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ایشین سٹائل پر سنگلز لیگ کی بنیاد پرکھیلی جائے گی جس میں چھ ملک بھر سے چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے اور پاکستان پولیس شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس کی ٹیم گذشتہ سال 2016ء میں جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلی گئی قومی سرکل سٹائل کبڈی چیمپئن شپ کی چیمپئن ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ایشین سٹائل کبڈی میں بھی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور شہری علاقوں کی نسبت دیہی علاقوں میں زیادہ کھیلی جاتی ہے اور اس پر حکومت کو دیگر کھیلوں کی طرح اس کھیل پر بھی توجہ دی جانی چاہئے تاکہ کھلاڑی انٹرنیشنل سطح ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بھی اس کبڈی کے کھیل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کی ٹیم دس کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جن میں محمد آصف، ارسلان احمد، تحسین اللہ، عابد علی، محمد ندیم، احسان علی، مصطفیٰ بجلی، شعیب احمد ، اسامہ اور اسد علی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 01/08/2017 - 12:42:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :