اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر ناصر جمشید کیس کی سماعت 22اگست تک ملتوی

جمعرات 17 اگست 2017 18:31

اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر ناصر جمشید کیس کی سماعت 22اگست تک ملتوی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں معطل کرکٹر ناصر جمشید کیس کی سماعت 22اگست تک ملتوی کردی گئی،جمعرات کو سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ناصر جمشید کے کیس کی سماعت پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل میں ہوئی جس میں کرکٹر کے وکیل نے ٹر بیونل پر اعتراضات اٹھا دئیے ہیں جبکہ کیس کی مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی،کرکٹر کے وکیل نے کہا کہ ٹربیونل کس طرح غیرجانبدار رہ سکتا ہے جب ٹربیونل کے سربراہ کیس کے فریق پی سی بی سے تنخواہ لیتے ہیں، معلوم ہے ٹریبونل کی طرف سے کیا فیصلہ آنا ہے، کرکٹ بورڈ کے پاس اگر ناصر جمشید کے خلاف شواہد ہیں تو وہ میڈیا کے سامنے پیش کرے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی اعتراضات دائر کیے ہیں،پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناصر جمشید کیس کی ڈسپلنری پینل اور ٹربیونل کے سامنے سماعت ہوئی، ٹریبونل میں پی سی بی کی جانب سے دو گواہان نے پیش ہونا تھا جن میں سے ایک پیش نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے کرکٹر کے وکیل نے کہا کہ دونوں گواہان پر ایک ہی سماعت میں جرح کرنا چاہتے ہیں، جس پر سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کیس کی کارروائی کو طول دینا چاہتے ہیں تاکہ اس کا فیصلہ نہ ہو سکے، اگر اعتراض ہے تو عدالت جا کر چیلنج کریں، یہاں کیوں پیش ہو رہے ہیں،پی سی بی کی جانب سے انتقامی کارروائی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹرز بورڈ کو بہت عزیز ہے اور ہمیشہ ان کیلئے نرم گوشہ رکھا، لیکن جو غلطی کرے گا تو اس کے خلاف قانونی ضرور کارروائی ہو گی۔

وقت اشاعت : 17/08/2017 - 18:31:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :