سری لنکا کی کوہ پیما ٹیم لاہور پہنچ گئی،ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے خوش آمدید کیا

سری لنکا کے اعزازی قونصلر برائے لاہور ندیم ضیاء نے بھی ٹیم کا استقبال کیا، ٹیم کے ٹو و دیگر پہاڑ سر کرنے اسلام آباد روانہ پاکستان کے سری لنکا سے گہرے اور مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، سپورٹس کے شعبہ میں دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے‘ڈی جی سپورٹس پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 ستمبر 2017 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2017ء) سری لنکا کی کوہ پیما کی 12رکنی ٹیم گزشتہ شب لاہور پہنچ گئی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور سری لنکا کے اعزازی قونصلر برائے لاہور ندیم ضیاء نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹیم کا استقبال کیا، ٹیم کی آمد پر ہر رکن کو گلدستہ پیش کیا اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا، اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر جے یاناتھ بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے فرداً فرداً ہر کھلاڑی سے مصافحہ کیا اور لاہور آمد پر ان کو دل اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا، بعد ازاں ٹیم K-2سمیت دیگر پہاڑ سر کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہوگئی جہاں سے وہ شمالی علاقہ جات کے لئے سفر کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ پر سری لنکا کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور سری لنکا کے اعزازی قونصلر برائے لاہور ندیم ضیاء کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا سے گہرے اور مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، سپورٹس کے شعبہ میں دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے، پاکستان کی طرح سری لنکا کے عوام بھی سپورٹس سے محبت کرنیوالے ہیں اور کوہ پیما کی ٹیم کی آمد اس بات کا ثبوت ہے، سری لنکا سے سپورٹس کے میدان میں ہر طرح سے تعاون کریں گے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ دونوں ممالک کو سپورٹس کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہئے۔ہمیں خوشی ہے سری لنکا کی کوہ پیما کی ٹیم پاکستان آئی ہے جس سے ہمارے کوہ پیمانوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان کے تجرے میںمزید اضافہ ہوگا۔
وقت اشاعت : 01/09/2017 - 17:10:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :