پاکستان کے ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے

سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ (کل)ہفتہ کو بھارت کے خلاف کھیلے گا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:51

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) دسویں ہیرو ایشیا ہاکی کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔جنوبی کوریا کے خلاف میچ برابر ہونے پر پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہوگئے،پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ (کل)ہفتہ کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

بنگلادیش کے شہر ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا اور پہلے تین کوارٹر میں گرین شرٹس کو 0-1 کی برتری حاصل رہی۔چوتھے کوارٹر میں کوریا نے پاکستان کے خلاف ایک گول کر کے نہ صرف پاکستان کی سبقت ختم کی بلکہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا کی جانب سے مین ینگ لی نے گول کیا، جنوبی کوریا کے خلاف میچ برابر ہونے پر پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہوگئے۔

پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ 21 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر ملائشیا ایک میچ کھیل کر 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ جنوبی کوریا نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور دوسرے میں ناکامی ہوئی اور وہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔بھارت اب تک سپر فور مرحلے کا جنوبی کوریا کے خلاف ایک میچ کھیل چکا ہے اور نتیجہ برابری کی نکلنے پر اسے ایک پوائنٹ ملا، جس کے ساتھ وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں ناکامی اور دوسرا میچ برابر ہوا اور اس طرح گرین شرٹس اسکورنگ ٹیبل میں ایک پوائنٹ کے ساتھ سب سے پیچھے ہے۔ گزشتہ روز سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں ملائشیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔جب کہ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 17:51:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :