پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک

سری لنکا کیخلاف تیسرے میچ میں آفیشلز نے آئی سی سی کو رپورٹ کیا، 37 سالہ اسپنر کے ایکشن کے قانونی ہونے کے حوالے سے تحفظات ہیں ،رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دے دی گئی قانونی ضابطوں کے تحت 14 دن کے اندر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا،اس دوران انہیں باؤلنگ کرنے کی اجازت ہو گی اور باؤلنگ ایکشن کے نتائج آنے تک وہ باؤلنگ کر سکیں گے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:40

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستانی آل راؤنڈر اور آف اسپنر محمد حفیظ کے ایکشن کو ایک مرتبہ پھر مشکوک رپورٹ کردیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا۔میچ آفیشلز نے آئی سی سی کو رپورٹ کیا کہ انہیں 37 سالہ اسپنر کے ایکشن کے قانونی ہونے کے حوالے سے تحفظات ہیں اور یہ رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دے دی گئی ہے۔

حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا آئی سی سی کے قانونی ضابطوں کے تحت 14 دن کے اندر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا لیکن اس دوران انہیں باؤلنگ کرنے کی اجازت ہو گی اور باؤلنگ ایکشن کے نتائج آنے تک وہ باؤلنگ کر سکیں گے۔واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال دسمبر میں انہیں باؤلنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔

گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا ہے۔۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 21:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :