نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ساتواں روز

لاہور ریجن وائٹ اور کراچی ریجن وائٹ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

جمعہ 17 نومبر 2017 21:04

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ساتواں روز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں روز کھیلے جانے والے میچز میں لاہور ریجن وائٹ اور کراچی ریجن وائٹ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ہیں۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں فاٹا ریجن نے ٹاس جیت کر لاہور وائیٹ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لاہور ریجن کے سلمان بٹ ‘کامران اکمل اور عامر یاسین نے فاٹا کے بائولرز کی خوب دھلائی کی اور مقررہ 20 اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 213 رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا ۔

سلمان بٹ نے 50 گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 74 ناٹ آئوٹ رنز بنائے جبکہ کامران اکمل نے بھی صرف 29 گیندوں پر دو چھکوں اور دس چھوکوں کی مدد سے 63 رنز جوڑے جبکہ عامر یاسین نے 26 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا مضبوط ٹوٹل کھڑا کر دیا ۔

(جاری ہے)

فاٹا کے سہیل اختر 38 رنز کے عوض دو کھلاڑی آئوٹ کر سکے جواب میں فاٹا کی ٹیم 18.3 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔

حماد اعظم جنہوں نے 28 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز سکور کئے لیکن لاہور وائیٹ کے وہاب ریاض نے 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں ۔کامران اکمل مین آف میچ قرار پائے ۔ دوسرے دلچسپ میچ میں کراچی ریجن وائیٹ نے سخت مقابلے کے بعد راولپنڈی ریجن کو 14 رنز سے شکست دے دی ۔ راولپنڈی ریجن نے ٹاس جیت کر کراچی ریجن کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر کراچی نے 178 رنز کا ہدف مقرر کیا ۔ اسد شفیق کے 49 گیندوں پر 72 اور کپتان سرفراز احمد کے 20 گیندوں پر 30 رنز ناٹ آئوٹ نے اس ٹوٹل میں اہم کردار ادا کیا ۔ جواب میں راولپنڈی ریجن 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی ۔ کراچی کے اسد شفیق مین آف دی میچ قرار پائے ۔ ۔
وقت اشاعت : 17/11/2017 - 21:04:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :