پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل 5 ویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری کرے گی

جمعہ 24 نومبر 2017 10:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) 5 ویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری کرے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ کے مطابق عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے 24 میں سے 17 میچز متحدہ عرب امارات جبکہ فائنل سمیت 7 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں اگر ایشین ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو فائنل پاکستان میں 21 جنوری کو ہوگا، بصورت دیگر متحدہ عرب امارات میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی ایک ہفتے بعد باضابط قومی ٹیم کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہاں پر بھارت کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے۔ 2006ء کے ورلڈ کپ میں ہم نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ میزبانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائٹل جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 7 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں آسٹریلیا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں متحدہ عر ب امارات میں کھیلیں گی جبکہ پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب 7 جنوری 2018ء کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 جنوری تک پاکستان میں 2، 2 اور ابوظہبی میں ایک ایک میچ کھیلا جائے گا۔ 11 جنوری کو آرام کا دن ہو گا، اس کے بعد چاروں ٹیمیں متحدہ عرب امارات جائیں گی اور وہاں اپنے تمام لیگ میچ کھیلیں گی۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 10:30:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :