ہتھورا سنگھے سری لنکا کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

ہتھورا سنگھے بطور سری لنکن کوچ 20 دسمبر کو بھارت کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز سے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے

ہفتہ 9 دسمبر 2017 12:05

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2017ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سابق قومی کرکٹر چندیکا ہتھورا سنگھے کو مینز ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا اور وہ سری لنکن کرکٹ کی تاریخ کے مہنگے ترین کوچ بن گئے ہیں۔ہتھورا سنگھے بطور سری لنکن کوچ 20 دسمبر کو بھارت کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز سے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے تاہم دورہ بنگلہ دیش ان کی بطور کوچ پہلی مکمل سیریز ہو گی۔

(جاری ہے)

ہتھورو سنگھے رواں برس اکتوبر میں بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی ہوئے تھے، ان کا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے 2019 ورلڈ کپ تک معاہدہ طے پایا تھا تاہم ہتھوروسنگھے نے قومی ٹیم کی کوچنگ کی خاطر قبل از وقت بی سی بی سے معاہدہ ختم کر دیا تھا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ اور چندیکا ہتھورو سنگھے کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں کے درمیان ابتدائی طور پر تین سالہ معاہدہ طے پایا ہے اور وہ 2020 تک ٹیم کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہتھورا سنگھے مہنگے ترین سری لنکن کوچ بن گئے ہیں۔واضح رہے کہ ہتھوراسنگھے 2011 کے بعد سری لنکن ٹیم کے گیارہویں ہیڈ کوچ ہیں۔
وقت اشاعت : 09/12/2017 - 12:05:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :