پرتھ ٹیسٹ ،انگلینڈ پہلی اننگز میں 403رنز بناکر آئوٹ،آسٹریلیا کا بھرپور جواب

آسٹریلیا نے پر3وکٹوں کے نقصان پر 203رنز بنا لئے،سٹیون سمتھ92رنز کیساتھ ناقابل شکست

جمعہ 15 دسمبر 2017 18:08

پرتھ ٹیسٹ ،انگلینڈ پہلی اننگز میں 403رنز بناکر آئوٹ،آسٹریلیا کا بھرپور جواب
پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) انگلش ٹیم پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں403رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ڈیوڈ میلان اور جونی بیئرسٹو نے شاندار سنچریاں سکور کیں۔ مچل سٹارک نی4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر3وکٹوں کے نقصان پر 203رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید200رنز درکار ہیں۔

سٹیون سمتھ 92 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کریگ اورٹن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پرتھ میں ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 305 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی ڈیوڈ میلان 110 اور جونی بیئرسٹو 75 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں بلے بازوں کے مابین 237 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ میلان نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 140 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔

پیٹ کمنز نے معین علی کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔ کرس ووکس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کا نشانہ بن گئے۔ جونی بیئرسٹو نے چوتھی ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 119 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کریگ اورٹن 2 اور سٹورٹ براڈ 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 403 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

مچل سٹارک نے چار، جوش ہیزلووڈ نے تین اور پیٹ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 200 رنز درکار ہیں۔ کپتان سٹیون سمتھ 92 اور شان مارش 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ڈیوڈ وارنر 22 ، کیمرون بنکرافٹ 25 اور عثمان خواجہ 50 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کریگ اورٹن نے دو اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 15/12/2017 - 18:08:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :