آئی سی سی ایوارڈز، چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت بہترین لمحہ قرار

پاکستان کے حسن علی ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ لے اڑے،افغانستان کے راشد خان بہترین ایسوسی ایٹ پلیئر آف دی ایئر قرار ویرات کوہلی آئی سی سی سرگیری سوبرز ٹرافی اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی، اسٹیون اسمتھ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار

جمعرات 18 جنوری 2018 16:52

آئی سی سی ایوارڈز، چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت بہترین لمحہ قرار
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2018ء) انٹرنیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی )نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے جس میں پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں جیت کو بہترین لمحہ قرار دیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں فتح کو بہترین لمحہ قرار دیا گیا ہے جب کہ پاکستان کے حسن علی ایمرجنگ کیٹگری میں بہترین کھلاڑی قراردیے گئے ہیں، افغانستان کے راشد خان کو بہترین ایسوسی ایٹ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے آئی سی سی سرگیری سوبرز ٹرافی اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، ویرات کوہلی نے سال میں 76 کی اوسط سے 6 سنچریاں بنائیں اور 202 ون ڈے میچوں میں 55.74 کی اوسط سے بیٹنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، انہوں نے 16 ٹیسٹ میچز میں 1875 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کے ایراسمس نے مسلسل دوسرے سال بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا جب کہ بھارت کے یویندرز چہل کو ٹی 20 پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھی ویرات کوہلی کو ہی مقرر کیا ہے، ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں جب کہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بابر اعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم میں جنوبی افریقا کے کوائنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، کگیسو رابادا، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، مچل اسٹارک، انگلینڈ کے بین اسٹوکس، جیمز اینڈرسن جب کہ بھارت سے ویرات کوہلی، چتیشور پجارا اور روی چندرن ایشون کو شامل کیا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور ٹرینٹ بولٹ، پاکستان کے بابر اعظم اور حسن علی، بھارت کے روہت شرما، ویرات کوہلی اور جسپریت بمرا، جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز اور کوائنٹن ڈی کوک، انگلینڈ کے بین اسٹوک اور افغانستان سے راشد خان کو شامل کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 18/01/2018 - 16:52:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :