شریف خاندان مجھے کیوں نکالا کے نعرے کے ساتھ الیکشن میں مظلوم بن کر جانا چاہتے ہیں، اسد اللہ بھٹو

نواز شریف عدالت سے ٹکراؤ کی بجائے عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کر کے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی راہ ہموار کریں

اتوار 18 فروری 2018 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ شریف خاندان مجھے کیوں نکالا کے نعرے کے ساتھ الیکشن میں مظلوم بن کر جانا چاہتے ہیں۔حالانکہ پوری قوم جانتی ہے کہ ان کو کرپشن کی وجہ سے نکالا گیا ہے۔ نواز شریف عدالت سے ٹکراؤ کی بجائے عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کر کے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی راہ ہموار کریں۔

ایم ایم اے کے قیام سے ملک کے فاسد نظام اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکرنڈ کے سینئر صحافی عبد التواب شیخ کے صاحبزادے عبد الرب کی دعوت ولیمہ میں شرکت اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، امیر ضلع نواب شاہ راشد مکرم، سرور قریشی، زبیر منصوری و دیگر مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مافیا اور ملکی اشرافیہ ایم ایم اے کے قیام سے خوش نہیں ہے۔ جلد مرکزی قائدین کا اجلاس جس میں تنظیم سازی اور ملک گیر رابطہ عوام پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ ابھی تک پانامہ لیکس سمیت تمام انکشافات میں کسی بھی دینی جماعت کے رہنماء کا نام شامل نہیں ہے۔ ملک سے غربت مہنگائی بیروز گاری بھوک و افلاس اور کرپشن کا خاتمہ اسلامی نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

کیونکہ 72 سال سے آنے والے حکمرانوں نے سرمایہ دارنہ نظام اور سوشلزم کو فروغ دیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے عوام ایم ایم اے کو ووٹ دیکر کامیاب کرے۔ ایک سوال کے جواب میں اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں سینیٹ انتخابات میں کرپشن کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، پوری دنیا کی اس پر نظریں ہیں۔ اس میں بکاؤ مال پاکستان کیلئے بدنامی کا باعث ہوں گے۔

حکومت کا کسان اور زراعت دشمنی رویہ افسوس ناک ہے۔ گنے کے کاشتکاروں کا مسئلہ حل اور گندم کی سرکاری خریداری کیلئے کرپشن فری اقدامات کئے جائیں تاکہ مڈل کومنافع دینے کی بجائے حق دار کو حق ملنا چاہیے۔ بعد ازاں انہوں نے سکرنڈ کے قریب جماعت اسلامی رہنماء سانول جمالی کے گھر جاکر بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔
وقت اشاعت : 18/02/2018 - 20:40:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :