پاکستان رگبی سیونز ٹیم ایشا رگبی سیونز ٹرافی میں شرکت کیلئے تین اگست کو سنگا پور روانہ ہوگی

بدھ 18 جولائی 2018 18:32

پاکستان رگبی سیونز ٹیم ایشا رگبی سیونز ٹرافی میں شرکت کیلئے تین اگست کو سنگا پور روانہ ہوگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان رگبی سیونز ٹیم ایشا رگبی سیونز ٹرافی میں شرکت کیلئے تین اگست کو سنگا پور روانہ ہوگی۔ پاکستان کے رگبی یونین کے رگبی سروسز مینجر سیدمعظم علی شاہ کے مطابق پاکستان قومی سیونز رگبی ٹیم کا کیمپ گزشتہ ایک ماہ سے اسلام آباد میں جاری تھا جو اس جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاہور میں پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ایران ، اردن، بنگلہ دیش، نیپال، قازقستان، برونائی، انڈونیشیا، لائوس اور ازبکستان کی ٹیمیں شامل ہیں جنہیں تین پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو پول سی میں سنگاپور، بنگلہ دیش، برونائی اور لائوس کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چار اگست کو سنگاپور میں پاکستانی ٹیم اپنے پول میچز کھیلے گی جبکہ پانچ اگست کو پوزیشن کے میچز ہوں گے۔

پاکستان رگبی ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کے مطابق کیمپ میں کھلاڑیوں نے اچھی پرفارمنس دی ہے۔ امید ہے کہ کھلاڑی اچھی پرفارمنس دیں گے۔ ٹورنامنٹ میں کافی بڑی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ ہماری تیاریاں جاری ہیں اور امید ہے کہ ٹیم جیتے گی۔ کیمپ کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں ٹرائلز کیے گئے اور کھلاڑی شارٹ لسٹ کیے گئے۔ پھر اسلام آباد میں کیمپ لگایا گیا اور مزید شارٹ لسٹ کرکے اس وقت کیمپ میں ٹاپ 17 کھلاڑی موجود ہیں۔

ان میں احمد وسیم، محمد شعیب اکبر، سعد عارف، عدنان سعید، کاشف خواجہ،میاں حمزہ ، خالد حسین بھٹی، محمد افضال، محمد طلحہ، دائود گل، علی شاہد، محمد وقاص، مصدق الطاف، محمد ہارون، فیصل اسلم، محمد عباس اور محمد ناصر شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کپتان اور فائنل ٹیم کا اعلان روانگی سے قبل کرے گی۔ مینجر سید معظم علی شاہ اور فزیو ڈاکٹر محسن شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 18/07/2018 - 18:32:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :