․امام الحق اور بابراعظم کی شاندار سنچریاں، پاکستان نے زمبابوے کو آخری ون ڈے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 131 رنز سے ہرا کر سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کر دیا، زمبابوین ٹیم 364 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورزمیں 4 وکٹوں پر 233 رنز بنا سکی، امام الحق 110 رنز بنا کر نمایاں، بابر اعظم 106 رنز بنا کر ناقابل شکست، فخر زمان 85 رنز بنا کر آئوٹ، بابر اعظم میچ اور فخر زمان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 22 جولائی 2018 21:00

بلاوایو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) امام الحق اور بابر اعظم کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 131 رنز سے ہرا کر سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کر دیا، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فخر زمان اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 168 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان 85 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے شاندار سنچریاں سکور کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، امام الحق 110 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ بابر اعظم 106 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جواب میں زمبابوین ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 233 رنز بنا سکی، بابر اعظم میچ اور فخر زمان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستانی قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 364 رنز بنائے، فخر زمان اور امام الحق نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 168 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 85 کے سکور پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر بابر اعظم نے امام الحق کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 77 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 245 تک پہنچا دیا، امام الحق نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور کی، امام 110 رنز بنا کر مسکڈزا کی گیند پر آئوٹ ہوئے، شعیب ملک 18 رنز بنا کر چلتے بنے، آصف علی 18 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے، بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور 106 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان سرفراز احمد نے 6 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، کرس موفو، ٹنڈئی چتارا، روچ اور ویلنگٹن مسکڈزا نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں میزبان زمبابوین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 233 رنز تک محدود رہی، ریان مرے 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، پیٹر مور 44 اور ایلٹن چیگمبرا 25 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان ہملٹن مسکڈزا اور تناشے 34، 34 اور ماسوور 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 22/07/2018 - 21:00:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :