تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، ویرات کوہلی نے سٹیو سمتھ سے ٹاپ پوزیشن چھین لی

ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے ساتویں بھارتی بلے باز بن گئے

اتوار 5 اگست 2018 16:20

تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، ویرات کوہلی نے سٹیو سمتھ سے ٹاپ پوزیشن چھین لی
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2018ء) ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے، انہوں نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ آسٹریلوی کرکٹر سٹیون سمتھ کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، اسطرح کوہلی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے ساتویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ وہ 2011ء کے بعد ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے والے پہلے بھارتی بلے باز ہیں، بھارت کی جانب سے اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، گوتم گھمبیر، سنیل گواسکر، وریندر سہواگ اور دلیپ وینگ سرکار بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جونی بیئرسٹو 4 درجے ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے، پہلے ٹیسٹ میں عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ثام کیورن کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، بیٹنگ میں 152، بائولنگ میں 49 اور آل رائونڈرز میں 58 درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے، اجنکیا راہانے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئے۔

(جاری ہے)

اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی پا کر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو گئے، انہوں نے سٹیون سمتھ سے ٹاپ پوزیشن چھینی ہے، اس کے ساتھ ہی سمتھ کی طویل بادشاہت بھی ختم ہو گئی، وہ 32 ماہ تک مسلسل دنیا کے نمبر ایک بلے باز رہے، جوروٹ تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، جونی بیئرسٹو 4 درجے اوپر چڑھ کر 12ویں نمبر پر آ گئے، ایلسٹرکک 4 درجے تنزلی کے بعد 17ویں نمبر پر چلے گئے، لوکیش راہول ایک درجہ گر کر 19ویں نمبر پر چلے گئے، راہانے 3 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئے، انہوں نے 22ویں پوزیشن سنبھال لی، مرلی وجے اور شیکھر دھون دو اور ایک درجہ تنزلی کے بعد مشترکہ طور پر 25ویں نمبر پر چلے گئے، بین سٹوکس 5 درجے گرنے کے بعد 33ویں نمبر پر چلے گئے، ثام کیورن 152 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 72ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں جیمز اینڈرسن ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں، ایشون پانچویں نمبر پر موجود ہیں، سٹورٹ براڈ ایک درجہ گر کر 13ویں اور محمد شامی 2 درجے گر کر 19ویں نمبر پر چلے گئے، بین سٹوکس 4 درجے ترقی کے ساتھ 27ویں نمبر پر آ گئے، ثام کیورن 49 درجے ترقی پا کر 62ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں، سٹوکس پانچویں اور معین علی چھٹے نمبر پر ہیں، ثام کیورن نے 58 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 37وی پوزیشن سنبھال لی۔

وقت اشاعت : 05/08/2018 - 16:20:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :