ویرات کوہلی کی خراب کپتانی پر اپنوں کی تنقید

کوہلی کو اب بھی بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے: سنیل گواسکر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 ستمبر 2018 13:30

ویرات کوہلی کی خراب کپتانی پر اپنوں کی تنقید
نئی دہلی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15ستمبر2018ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے جس ثبوت انہوں نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی دیا ہے لیکن سیریز میں4-1سے بھارت کی شکست کوہلی کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان ہے۔ویرات کوہلی کو سیریز کے لئے غلط ٹیم کا انتخاب اور بولنگ و فیلڈنگ میں غلط تبدیلیوں پراب بھی تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق سابق کپتان سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ تدبیر کی بات کی جائے تو بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کوہلی کو اب بھی ”بہت کچھ سیکھنے“ کی ضرورت ہے۔سنیل گواسکر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بھارت کی ناکامی حیران کن نہیں کیونکہ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی مناسب تیاری نہیں کی تھی،ہم نے دیکھا کہ دورہ جنوبی افریقا میں کیا ہوا تھا اور اب انگلینڈ میں کیا ہوا ہے ، پرانی کہاوت ہے اگر آپ تیاری نہ کریں تو ناکامی کے لئے تیار رہیں۔

(جاری ہے)

سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پچ اور مخالف ٹیم کو دیکھتے ہوئے اپنی اوپننگ جوڑی، مڈل آرڈر بیٹسمین اور آل راﺅنڈرز کا انتخاب کرنا چاہئے۔رواں سال جنوبی افریقا میں شکست اور پھر انگلینڈ میں ہار کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ روی شاستری کو بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔ویرات کوہلی نے دونوں سیریز میں بطور بلے باز بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 2سنچریوں اور3نصف سنچریوں کی مدد سے593رنز سکور کیے تھے تاہم ان کے علاوہ کوئی اور بھارتی بلے باز 300رنز بھی نہیں بنا سکاتھا جو بھارتی ٹیم کی اس ذلت آمیز شکست کی بڑی وجوہات میں سے ایک بنا ۔

کوہلی کو اس شاندارپرفامنس کا صلہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کی صورت میں ملا جہاں وہ 930پوائنٹس کے ساتھ سابق آسٹریلیوی کپتان سٹیو سمتھ پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں ۔ 
وقت اشاعت : 15/09/2018 - 13:30:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :