ریپ الزامات : رونالڈو پرتگال کے آئندہ میچوں کیلئے سکواڈ سے آئوٹ

رونالڈو کو اگلے ماہ بین الاقوامی کھیلوں کے لیے بھی نہیں بلایا جائے گا، پرتگال کوچ

جمعرات 4 اکتوبر 2018 21:33

ریپ الزامات : رونالڈو پرتگال کے آئندہ میچوں کیلئے سکواڈ سے آئوٹ
پرتگال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2018ء) ریپ کے الزامات کا سامنا کرنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو پرتگال کے آئندہ میچوں کے لیے ٹیم اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔واضح رہے کہ 2 روز قبل 34 سالہ سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے کرسٹیانو رونالڈو پر ریپ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2009 میں لاس ویگاس میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے ان کا ریپ کیا تھا۔

تاہم کرسٹیانو رونالڈو نے سابق ماڈل اور امریکی شہری کی جانب سے لگائے گئے ریپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔رونالڈو کو آرام دینے کی غرض سے 11 اکتوبر کو پولینڈ میں ہونے والی یوئیفا نیشنز لیگ کے دوسرے میچ کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔اس کے علاوہ انہیں 15 اکتوبر کو گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

پرتگال کے کوچ فرنینڈو سانتوز کا کہنا تھا کہ رونالڈو کو اگلے ماہ بین الاقوامی کھیلوں کے لیے بھی نہیں بلایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ، رونالڈو، پرتگال کی سوکر فیڈریشن کے صدر اور ان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے اگلے 2 اسکواڈ سلیکشن تک رونالڈو ہمارے لیے آپشن نہیں ہوں گے۔سانتوز نے اس ملاقات کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور اس حوالے سے رونالڈو کے خیالات کے حوالے سے سوال پر بھی رائے دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ ‘یہ معلومات نجی اور ذاتی ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے کہ رونالڈو دوبارہ پرتگال کے لیے کھیلیں گے‘۔۔
وقت اشاعت : 04/10/2018 - 21:33:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :